رسائی کے لنکس

جرمنی کے یومِ وحدت پر کراچی میں تقریب


اپنے خطاب میں قونصل جنرل نے فٹبال ورلڈ کپ میں جرمنی کی کامیابی کو پاکستان سے منسوب کیا۔

پاکستان کے معاشی مرکز کراچی میں جمعے کو جرمنی کے قونصل خانے کے تحت مشرقی اور مغربی جرمنی کے ادغام کی مناسبت سے جرمنی کا قومی دن منایا گیا۔

جرمنی کے قومی دن پر کراچی میں قائم جرمن قونصلیٹ میں منعقدہ تقریب کا جرمنی اور پاکستان کے قومی ترانے بجاکر آغاز کیا گیا۔

جرمنی کے قونصل جنرل ٹیلو کلائنر نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ "آج جرمنی کے قومی دن کے حوالے سے ہونے والی تقریب جرمنی اور پاکستان کے درمیان بہترین تعقلقات کی عکاسی کرتی ہے۔"

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے تعلقات بہت اچھے ہیں۔ بہت سی جرمن کمپنیاں پاکستان آکر کاروبار کرنا چاہتی ہیں جسے قونصل خانہ ممکن بنانے کیلئے کام کر رہا ہے۔

اپنے خطاب میں قونصل جنرل نے فٹبال ورلڈ کپ میں جرمنی کی کامیابی کو پاکستان سے منسوب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جرمنی کے ورلڈ کپ میچ جیتنے کی اہم وجہ پاکستان بھی ہے کیونکہ اس سال پاکستانی فٹبال ورلڈ کپ میں استعمال ہوئی تھی۔

کراچی میں تعینات جرمنی کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن جرگین پاشکے نے 'وائس آف امریکہ' سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے تعلقات دیرینہ ہیں جو موجودہ دور میں بہترین ڈگر پر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے حکومتی روابط معاشی طور پر بھی دنیا میں بہتر شمار ہوتے ہیں۔

سندھ کی صوبائی وزیر ثقافت شرمیلا فاروقی بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ 'وی او اے سے' گفتگو میں ان کہنا تھا کہ جرمنی اور پاکستان کے تعلقات مختلف شعبوں میں مستحکم رہے ہیں۔ جرمنی پاکستان کو نہ صرف معاشی طور پر بھی مستحکم کرنے میں مدد دے رہا ہے بلکہ پاکستانی کلچر اور ثقافت کے فروغ میں بھی جرمنی کی خدمات ہیں۔

XS
SM
MD
LG