وزیراعظم یوسف رضا گیلانی چارروزہ سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں سپین جائیں گے اور اپنے قیام کے دوران وہ ہسپانوی قیادت سے ملاقاتوں میں دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے اُمور پر مذاکرات کریں گے ۔
سپین میں دوروزہ قیام کے بعد وزیرگیلانی بیلجیئم دارالحکومت برسلز پہنچیں گے جہاں وہ یورپین پارلیمنٹ کے علاوہ نیٹو کے صدر دفتر کا دورہ بھی کریں گے۔ وزیراعظم گیلانی چار جون کو پاکستان اور یورپی یونین کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے جس میں گذشتہ سال طے پانے والے معاملات بالخصوص تجارت پر ہونے والی بات چیت پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
اپنی روانگی سے قبل اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ یورپی یونین اور سپین کے حکام کے ساتھ ملاقات میں اقتصادی ، دفاعی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات کریں گے۔ اُنھوں نے کہا کہ یورپی یونین کی قیادت سے ملاقاتوں میں اس بات کی بھی کوشش کریں گے کہ پاکستانی مصنوعات کو یورپی منڈیوں تک رسائی دی جائے۔
وزیراعظم گیلانی نے اس موقع پر کہا کہ دہشت گردی کے خلا ف جنگ میں پاکستان کے عزم اور اس کی قربانیوں پر کسی کو کو ئی شک و شبہ نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ وہ اپنے دورے میں یورپی ممالک کے حکام سے کہیں گے کہ وہ پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استداد کار بڑھانے میں اپناکردار ادا کریں۔
اُنھوں نے کہا کہ یورپی یونین میں شامل ممالک نے نہ صرف 2005 ء میں پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اورملک کے شمالی علاقوں میں آنے والے زلزلے کے بعد بھرپور مدد کی بلکہ پاکستان کے دوست ممالک پر مشتمل ”فرینڈز آف ڈیموکریٹک “فورم میں بھی اہم کردار ادا کیا۔