رسائی کے لنکس

الکوحل: ہرسال 25 لاکھ افراد کی ہلاکت کا سبب


الکوحل: ہرسال 25 لاکھ افراد کی ہلاکت کا سبب
الکوحل: ہرسال 25 لاکھ افراد کی ہلاکت کا سبب

دنیا کی تمام متعدی اور غیر متعدی بیماریوں سے ہونے والی اموات کا تیسرا بڑا سبب الکوحل کا غلط استعمال ہے: رپورٹ

عالمی ادارہٴ صحت نے الکوحل کے نقصان دہ استعمال کو کم کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے پر زور دیا ہے جِس کے باعث ہر سال 25لاکھ لوگ موت کا شکار ہوتے ہیں۔

ادارے کی ایک تازہ ترین رپورٹ میں اِس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ ہر سال دنیا کی چار فی صداموات الکوحل کے غلط استعمال کے باعث واقع ہوتی ہیں۔

عالمی ادارہٴ صحت کا کہنا ہے کہ دنیا کی تمام متعدی اور غیر متعدی بیماریوں سے ہونے والی اموات کا تیسرا بڑا سبب الکوحل کا غلط استعمال ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ الکوحل کے باعث ہونے والی اموات میں نشے کی حالت میں گاڑی چلانا اور زخمی ہونا، سرطان، معدہ ، دل کا عارضہ اور فالج شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق الکوحل کی لَت 200دیگر بیماریوں کا موجب بھی بنتی ہے۔

رپورٹ سے پتا چلتا ہے کہ عالمی طور پرمردوں میں چھ فی صد اموات الکوحل کےزیادہ استعمال کے باعث ہوتی ہیں، جب کہ اِس کے مقابلے میں ایک فی صد خواتین اِس زمرے میں آتی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ روسی فیڈریشن اوراُس کے ہمسایہ ممالک میں پانچ میں سے ایک مرد کی موت کا موجب الکوحل نوشی ہے۔

عالمی ارادہ صحت میں دماغی امراض اور صحت سے متعلق محکمے کے ڈائریکٹر شیکھر سکسینہ نے کہا ہے کہ دنیا کے کچھ خطوں میں نوجوانوں کی ایک تہائی اموات کا باعث الکوحل ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2005ء میں عالمی طور پر 15برس اور اس سے زیادہ عمر میں خالص الکوحل کا استعمال فی کس 6.13لٹر تھا۔ ہر چند کہ الکوحل کا استعمال طول وعرض میں پھیلا ہوا ہے، تاہم ادارے نے نشاندہی کی ہے کہ اب بھی اکثریت الکوحل کی عادی نہیں ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق2005ء میں آدھے سے زائد مرد اوردو تہائی خواتین نے الکوحل استعمال نہیں کیا۔

XS
SM
MD
LG