رسائی کے لنکس

گلوبل ایکسچینج پروگرام، 96 پاکستانی طلبا کی امریکہ آمد


پاکستان کے تمام صوبوں کے علاوہ گلگت بلتستان اور فاٹا کےٕ دور دراز علاقوں کے ان طلباء کو اپنا ایک سمسٹر امریکی تعلیمی اداروں میں مکمل کرنا ہے

گلوبل انڈر گریجویٹ ایکسچنج پروگرام کے تحت امریکہ کے تعلیمی اداروں میں تعلیم کے حصول کے لئے 96 پاکستانی طلباء و طالبات کا ایک گروپ واشنگٹن پہنچا ہے۔ یہ طلباء انجنیئرنگ، بزنس ایجوکیشن، طب اور سماجی علوم میں امریکی تجربات سے استفادہ کریں گے۔

پاکستان کے تمام صوبوں کے علاوہ گلگت بلتستان اور فاٹا کےٕ دور دراز علاقوں کے ان طلباء کو اپنا ایک سمسٹر امریکی تعلیمی اداروں میں مکمل کرنا ہے۔ اس دوران ہر طالب علم کسی نہ کسی امریکی خاندان کے ساتھ رہائش رکھے گا، تاکہ وہ امریکی زبان، ثقافت اور رہن سہن سے واقف ہوسکیں اور دونوں ممالک کے درمیان عوام کی سطح پر ثقافتی تبادلے ممکن ہوں۔

طلباء کے گروپ میں شامل ایک طالب علم، سلمان چھڈا والا نے بتایا کہ وہ پاکستان گلوبل ایکسچنج پروگرام کے تحت امریکہ آئے ہیں اور ایک سمسٹر یہاں پڑھیں گے اور نہ صرف تعلیمی بلکہ ثقافتی تبادلوں میں بھی حصہ لیں گے۔

حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی طالبہ کا کہنا تھا کہ یہ بہت اچھا پروگرام ہے جس کے ذریعہ پاکستانی طلباء کو بہترین موقع مل رہا ہے کہ امریکہ میں آکر پڑھیں، یہاں کے لوگوں کو سمجھیں اور اپنے بارے میں انھیں بتائیں۔ انھوں نے کہا ان کے خیال میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر کرنے کے لئے یہ بہترین طریقہ ہے۔

ان طلباء کے اعزاز میں واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے ظہرانہ دیا گیا۔ اس موقع پر خطاب میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے طلباء کو پاک امریکہ تعلقات کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے جب کبھی مل کر کام کیا، فائدہ دونوں ہی ممالک کو پہنچا ہے۔

انھوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلیم، صحت، دفاع اور معیشت کے شعبوں میں دیرینہ تعاون کا سلسلہ جاری ہے، جس کا ثبوت گلوبل انڈر گریجویٹ جیسے پروگرام کی کامیابی ہے۔

امریکہ محکمہٴ خارجہ کی سنیئر پروگرام ڈائریکٹر ٹریسا ماسٹرنگلو نے اس موقع پر بتایا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اس گلوبل ایکسچنج پروگرام کا آغاز 2010 میں ہوا تھا، جس میں اب تک کوئی 1300 سے زائد پاکستانی طلباء اس پروگرام سے استفادہ کرتے ہوئے امریکی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرچکے ہیں ۔یہ طلباء پاکستان واپس جا کر اپنے اپنے تجربے سے دیگر طلباء کے لئے سود مند ثابت ہو رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG