رسائی کے لنکس

فلم ’امریکن ہسل‘ نے ’گولڈن گلوب‘ کا میلہ لوٹ لیا


تقریب سے پہلے تین فلموں ’دی گریویٹی‘ ، ’امریکن ہسل‘ اور ’ 12 ائیرز اے سلیو‘ کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ یہ فلمیں ایک دوسرے کے لئے سخت حریف ثابت ہوں گی۔ لیکن، مقابلہ زیادہ سخت نہیں ہوا

کراچی .... ہالی وڈ میں ایوارڈز سیزن عروج پر ہے۔ گزشتہ رات بیورلی ہلز میں روشنیوں سے سجی اور خوشبووں سے مہکتی گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب منقعد ہوئی۔ اس تقریب کو اگر کسی فلم کے نام سے منسوب کیا جائے تو وہ ہے تین ایوارڈز جیتنے والی فلم ’امریکن ہسل‘ کے نام۔

تقریب سے پہلے تین فلموں ’دی گریویٹی‘ ، ’امریکن ہسل‘ اور ’ 12 ائیرز اے سلیو‘ کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ یہ فلمیں ایک دوسرے کے لئے سخت حریف ثابت ہوں گی۔ لیکن ایوارڈز کی رات مقابلہ اتنا سخت نہیں ہوا جتنا کہ توقع کی جا رہی تھی ۔’امریکن ہسل‘ نے باآسانی تین کیٹیگریز میں ایوارڈ جیت کر میدان مار لیا۔

برطانوی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کا کہنا ہے کہ ’امریکن ہسل‘ نے بہترین کامیڈی اینڈ میوزیکل فلم کا ایوارڈ جیتا۔ فلم کی اداکارہ ایمی ایڈمز کو بہترین اداکارہ اور جینیفر لارنس کو بہترین معادن اداکارہ کے گولڈن گلوب سے نوازا گیا۔

فلم ’ڈیلس بائرز کلب‘ میں ایڈز کے مریض کا کردار انتہائی جاندار انداز میں ادا کرنے والے اداکار، میتھیو میک کون ہے، حقدار قرار پائے ’بہترین اداکار‘ جبکہ ہالی وڈ کے سوئٹ اینڈ چاکلیٹی ہیرو لیونارڈوڈی کیپریو میوزیکل اور کامیڈی فلم کی کیٹیگری میں بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ انہیں یہ ایوارڈ ’دی وولف آف وال اسٹریٹ‘ میں ادا کئے گئے رول پر دیا گیا۔

کیٹ بلانشے کو ’بلیو جسمین‘ کے لئے کو ’موشن پکچرز ڈراما‘ کی بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اداکار جارڈ لوٹو کو فلم ’ڈیلس بائرز کلب‘ میں ٹرانس جنڈر کا کردار کے لیے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ ملا۔

ایوارڈز کی شام کاسب سے حیران کن سرپرائز ’12ائیرز اے سلیو‘ ‘کا صرف ایک ایوارڈ جیتنا رہا۔ اسٹیو میک کوئنز کی فلم کی نامزدگی 7مختلف کیٹگریز میں کی گئی۔ لیکن، ’12ائیرز آف اے سلیو‘ صرف بہترین فلم کا ایوارڈ ہی حاصل کر پائی۔

اسپیس سائنس پر بنی ’گریویٹی‘ سے بھی توقعات تھیں کہ یہ کئی ایوارڈز اپنی جھولی میں سمیٹنے میں کامیاب رہے گی۔ لیکن، صرف فلم کے ہدایت کار لفانسو کوارون کو بہترین ہدایت کار کے اعزاز سے نوازا گیا، اور یہی وہ واحد ایوارڈ تھا جو اس فلم کو ملا۔

اسکرین پلے ایوارڈ اسپائک جونز نے رومینٹک کامیڈی ’ہر‘ کے لیے جیتا۔ بہترین فارن فلم کا اعزاز اطالوی فلم ’دا گریٹ بیوٹی‘ کو ملا۔ ڈزنی کی فلم ’فروزن‘ کو بہترین اینی میٹیڈ فلم کا ایوارڈ دیا گیا۔

بہترین اوریجنل سانگ کا ایوارڈ حاصل کیا ’لونگ واک ٹو فریڈم‘ کے گانے ’آرڈنری لو‘ نے۔

گولڈن گلوب ایوارڈ ز کی ستاروں بھری تقریب کی میزبانی شہرہ آفاق کامیڈی ہیرو جم کیری نے اپنے مخصوص انداز میں کی۔ وہ حاضرینِ محفل کو اپنے چٹکلوں سے قہقہے بکھیرنے پر مجبور کرتے رہے۔
XS
SM
MD
LG