رسائی کے لنکس

اٹلی: گوگل کے تین اعلیٰ عہدے داروں کو سزا کاحکم


اٹلی کی ایک عدالت نے گوگل کی ایک سائیٹ پر ایک ایسی ویڈیو کے پوسٹ کئے جانے کے سلسلے میں جس میں طالبعلموں کو ایک معذور نوجوان کو ہراساں کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا، گوگل کے تین اعلی عہدے داروں کو سزا سنائی ہے ۔

میلان میں ایک جج نے ان تینوں اعلیٰ عہدے داروں کو پرائیویسی کی خلاف ورزیوں کی بنا پر بدھ کے روز چھ ماہ کی معطل سزا سنائی ہے۔

تاہم جج نے ان تینوں کو بدنام کرنے کے تین الزامات سے اور گوگل کے ایک چوتھے منیجر کوتمام الزامات سے بری کر دیا ۔

یہ مقدمہ ، جس میں امریکہ میں قائم ادارہ ملوث تھا ، اٹلی میں ڈاؤن سنڈروم میں مبتلا لوگوں کے لیے کام کرنے والے ایک اطالوی گروپ ، ویوی ڈاؤن نے دائر کیا تھا۔ انٹر نیٹ پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں شرارتی طالبعلم تورین میں ایک طالبعلم کو مار پیٹ رہے تھے اور اس کی بے عزتی کر رہے تھے جب کہ ان میں سے ایک لڑکا ایک نقلی ٹیلی فون پر ویوی ڈاؤن کو فون کر رہاتھا۔

استغاثہ نے گوگل پر 2006 ءمیں اس ویڈیو کے پوسٹ کیے جانے کے بعد اس کے بارے میں شکایات اور اسے ہٹانے کی درخواستوں پر انتہائی سست روی سے رد عمل ظاہر کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔

گوگل کا کہناہے کہ اس نے اس ویڈیو کو اس کی نشاندہی کے فوراً بعد ہٹا دیا تھا اور ان شرارتی لڑکوں کی شناخت کرنے میں اطالوی عہدےداروں کے ساتھ تعاون کیا تھا۔

گوگل کے ترجمان بل ایچیسن نے عدالت کے اس فیصلے کو حیران کن قرار دیا اور کہا کہ ادارہ اس کے خلاف اپیل کرے گا۔

اسی دوران یورپی کمیشن نے کہا ہے کہ اسے گوگل کی تین حریف کمپنیوں کی جانب سے گوگل کے کاروباری انداز کے باے میں شکایات موصول ہوئی ہیں ۔ یورپی ضابطہ کاروں نے کہا ہے کہ وہ ان شکایات کا جائزہ لے رہے ہیں جس کے نتیجے میں کوئی باقاعدہ چھان بین ہو سکتی ہے ۔

XS
SM
MD
LG