رسائی کے لنکس

گوگل کا عبدالستار ایدھی کے لیے خراج عقیدت


انتہائی محدود وسائل سے شروع کی گئی ڈسپنسری اور سماجی خدمات کا یہ سلسلہ چھ دہائیوں سے زائد عرصے کے بعد ایک بڑی فاؤنڈیشن کی صورت میں نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک مختلف سانحات اور آفات میں امداد فراہم کر رہا ہے۔

دنیائے ٹیکنالوجی کی ایک بڑی کمپنی گوگل نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کو ان کی 89 ویں سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اپنے ڈوڈل کا سہارا لیا ہے۔

عبدالستار ایدھی اپنی سماجی خدمات کے وجہ سے دنیا بھر میں جانے جاتے تھے۔ گزشتہ سال آٹھ جولائی کو وہ 88 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے تھے اور ان کے دنیا سے رخصت ہونے کے بعد بدھ کو ان کی پہلی سالگرہ ہے۔

1928ء میں غیرمنقسم برصغیر میں جوناگڑھ کے علاقے بانٹوا میں پیدا ہونے والے عبدالستار ایدھی تقسیم کے بعد پاکستان منتقل ہو گئے اور چند سالوں کے بعد ہی باقاعدہ طور پر فلاحی اور سماجی کاموں کا آغاز ایک ڈسپنسری قائم کر کے کیا۔

انتہائی محدود وسائل سے شروع کی گئی ڈسپنسری اور سماجی خدمات کا یہ سلسلہ چھ دہائیوں سے زائد عرصے کے بعد ڈیڑھ ہزار سے زائد ایمبولینسز، درجنوں امدادی مراکز، بے آسرا افراد کے لیے رہائشی سہولت اور یتیم خانوں کی ایک بڑی فاؤنڈیشن کی صورت میں نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک مختلف سانحات اور آفات میں امداد فراہم کر رہا ہے۔

اپنے انتقال سے چند سال قبل اسلام آباد میں وائس آف امریکہ سے ایک خصوصی نشست میں عبدالستار ایدھی نے اپنے اسی پیغام کو دہرایا جسے وہ اپنا نصب العین قرار دیتے تھے اور آخری وقت تک اس کا مجسم عملی نمونہ بنے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے انسانیت کے لیے کام شروع کیا اور اب بھی وہ اسی پر عمل پیرا ہیں "کیونکہ سب سے بڑا کام انسانیت ہی کا کام ہے۔"

گوگل نے اپنے ڈوڈل پر عبدالستار ایدھی کی شبیہہ کے ساتھ ان کی سماجی خدمات کی ایک جھلک بھی ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے۔

XS
SM
MD
LG