رسائی کے لنکس

گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی انتقال کر گئے


صوبہ سندھ کے گورنر جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کراچی میں بدھ کی شام انتقال کر گئے۔ان کی عمر 78سال تھی ۔ انہیں گورنر کے عہدے کا حلف اٹھائے ہوئے صرف دو ماہ ہی ہوئے تھے۔ انہوں نے 11نومبر 2016ء کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

گورنر ہاؤس کے ترجمان نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ وہ صوبے کے 31 ویں گورنر تھے۔انہیں سینے اور سانس میں تکلیف کےباعث اسپتال داخل ہونا پڑا تھا جہاں بدھ کی شام وہ انتقال کرگئے۔ ان کی نماز جنازہ اور تدفین جمعرات کو اداکئے جانے کے امکان ہے۔

حلف اٹھانے سے قبل بھی ان کی صحت ٹھیک نہیں تھی ۔ بیماری کے سبب ہی وہ روایت کے مطابق اسی روز بانی پاکستان محمد علی جناح کے مزار پر بھی حاضری بھی نہیں دے سکے تھے، تاہم گورنر ہاؤس نے ان کی نا سازی طبیعت کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

حلف اٹھانے کے کچھ ہی دن بعد انہیں سینے اور سانس لینے میں تکلیف کے باعث اسپتال داخل ہونا پڑا۔ وہ ایک ماہ تک اسپتال میں زیر علاج رہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے سعید الزماں صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہارکیا ہے ۔ حکومت سندھ کی جانب سے ادھرپاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی راہنما اور ممبر قومی اسمبلی فریال تالپور نے بھی گورنر سندھ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے۔

ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی پر ایک نظر

سعیدالزماں صدیقی چیف جسٹس کے عہدے پر بھی تعینات رہے۔ وہ یکم دسمبر1937ءکو لکھنو میں پیدا ہوئے۔یہیں سے انہوں نےابتدائی تعلیم حال کی ۔ وہ کچھ عرصہ حیدرآباد دکن اور ڈھاکہ سے بھی تعلیم حاصل کرتے رہے۔

ڈھاکہ یونیورسٹی سے انٹرمیڈیٹ کرتے ہی انہیں کراچی منتقل ہونا پڑا ۔ یہاں آ کر جامعہ کراچی سے انہوں نے 1954ء میں بی اے اور1958ءمیں ایل ایل بی کیا۔ انہوں نے 1960میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ۔

وہ 1963ء میں ایڈووکیٹ ہائی کو رٹ اور 1969ء میں ایڈووکیٹ سپریم کورٹ بنے۔5مئی1980ء کوسندھ ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے اور 5نومبر 1990کوسندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے منصب پر فائز ہوئے۔

انہیں23مئی1992 کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا۔ یکم جولائی1999ء کو انہوں نے چیف جسٹس کے عہدے کاحلف اٹھایااوریکم دسمبر2005ء تک اس منصب پر فائز رہے۔

انہوں نے پرویز مشرف کے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کردیا تھاجبکہ 2008ءمیں مسلم لیگ ن نے انہیں صدارتی امیدوار نامزد کیا۔

XS
SM
MD
LG