رسائی کے لنکس

حکومت اور تحریکِ انصاف جوڈیشل کمیشن کے قیام پر متفق


فائل
فائل

پریس کانفرنس سے خطاب میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کے جوڈیشل کمیشن سے متعلق تمام تحفظات دور کر دیئے گئے ہیں، جس کے بعد تحریک انصاف نے کمیشن کی تشکیل کے لیے تجویز کردہ ناموں پر رضا مندی ظاہر کردی ہے

حکومت اور پاکستان تحریک انصاف جوڈیشل کمیشن کے قیام پر متفق ہوگئے ہیں۔ اس بات کا باضابطہ اعلان جمعہ کی رات وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کے جوڈیشل کمیشن سے متعلق تمام تحفظات دور کردیئے گئے ہیں جس کے بعد تحریک انصاف نے کمیشن کی تشکیل کے لیے تجویز کردہ ناموں پر رضا مندی ظاہر کردی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے معاملے پر صرف چند الفاظ پراختلافات تھے جو دور کرلئے گئے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان بات چیت کا مقصد مستقبل کے انتخابات کو شفاف بنانا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ ایسا نظام ہو جس پر سب کو اعتماد ہو۔ اس سے جمہوریت مضبوط ہوگی اور جوڈیشل کمیشن کو بنیاد بناتے ہوئے مستقبل میں ہونے والے انتخابات بھی شفاف ہوں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سال 2013ء کے انتخابات میں دھاندلی ہونے کے الزامات لگتے رہے ہیں. اس کے خلاف وہ گزشتہ سال کئی ماہ طویل دھرنا بھی دیتی رہی ہے جبکہ دھرنے کے اختتام پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG