رسائی کے لنکس

یونان کے دو ہزار سال پرانے اولمپکس کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے زندہ کر دیا


اسکول کے طالب علم یونان کے تاریخی مقام اولمپیا میں موبائل ایپ کی مدد سے قبل از تاریخ کھیلوں کا ورچوئل نظارہ کر رہے ہیں۔ 10 نومبر 2021
اسکول کے طالب علم یونان کے تاریخی مقام اولمپیا میں موبائل ایپ کی مدد سے قبل از تاریخ کھیلوں کا ورچوئل نظارہ کر رہے ہیں۔ 10 نومبر 2021

آپ کو یہ جان کر خوشگوار حیرت ہوگی کہ اب آپ قدیم یونان کے اس تاریخی اسٹیڈیم میں زمانہ قبل از مسیح ہونے والی کھیلوں کو اس دور میں جا کر اپنی آنکھوں سے دیکھ سکتے ہیں۔ اور یہ سب کچھ ممکن ہوا ہے کہ جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس یعنی مصنوعی ذہانت کی مدد سے۔

قدیم تاریخ کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے یونان نے ڈیجیٹل دنیا کی ایک بڑی کمپنی مائیکروسافٹ کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا، جس کا مقصد اولمپکس یعنی عالمی کھیلوں کے مقابلوں کی جائے پیدائش کو دنیا بھر کے لیے ڈیجیٹل شکل میں محفوظ کرنا تھا، جسے قدیم تاریخ سے دلچسپی رکھنے والے جب چاہیں گے ایک ایپ کے ذریعے دیکھ سکیں گے۔

منتظمین کا کہنا ہے یونان کی وزارت ثقافت اور مائیکروسافٹ کے درمیان ہونے والے اس معاہدے نے تاریخ کو ہمارے سامنے زندہ حالت میں پیش کرنے کا موقع فراہم کیا ہے اور لاکھوں لوگوں کو یہ موقع ملا کہ وہ قدیم کھیلوں کو 'اولمپیا' کے مقام پر اپنی آنکھوں کے سامنے ہوتا ہوا دیکھیں اور اس کا لطف اٹھائیں۔

اسٹیڈیم طرز کے اس قدیم میدان کو اولمپیا کہا جاتا ہے اور اولمپکس گیمز اسی نام سے منسوب ہیں۔

یونان کے قدیم تاریخی مقام اولمپیا میں طالب علم موبائل ایپ کی مدد سے زمانہ قبل از مسیح میں گھوم رہے ہیں۔ 10 نومبر 2021
یونان کے قدیم تاریخی مقام اولمپیا میں طالب علم موبائل ایپ کی مدد سے زمانہ قبل از مسیح میں گھوم رہے ہیں۔ 10 نومبر 2021

اولمپیا میں ایک حالیہ نیوز کانفرنس میں مائیکروسافٹ کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ انہوں نے قدیم تاریخ کو زندگی میں ڈھالنے کے لیے مصنوعی ذہانت اور دیگر ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا، جس سے یہ تاریخی مقام اسی طرح دکھائی دینے لگا ہے جس طرح آج سے 2000 ہزار سال پہلے وہ اپنا وجود رکھتا تھا۔

یونان کے وزیر اعظم کیریاکوس مٹوسٹاکس نے اس سلسلے میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پراجیکٹ یونان کی سب سے بیش قیمت چیز یعنی اس کی تاریخ کو دوبارہ زندگی میں لے آیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی ہمارے لیے یونان کی ثقافت کے اندر جھانکنے کا ایک بالکل مختلف اور منفرد انداز کے تجربے کا دروازہ کھول رہی ہے۔ اور اولمپیا کے بارے میں یہ پراجیکٹ اس لیے بھی بہت اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس سے ٹیکنالوجی کی قوت اور کرشمہ سازی کا اظہار ہوتا ہے۔ وہ ہمیں صرف اس تاریخی مقام پر نظر ڈالنے کا موقع ہی فراہم نہیں کرتا، بلکہ ہم اس کے ذریعے یہ بھی دیکھیں سکتے ہیں کہ اس زمانے میں لوگ کس طرح رہتے تھے اور وہ اپنے معاشروں کو کس طرح منظم کرتے تھے۔

مائیکروسافٹ نے یہ پراجیکٹ 18 ماہ میں مکمل کیا ہے۔
مائیکروسافٹ نے یہ پراجیکٹ 18 ماہ میں مکمل کیا ہے۔

مائیکروسافٹ نے جس قدیم المپک اسٹیڈیم کے 27 اہم مقامات کو ڈیجیٹل میں تبدیل کیا ہے اس میں زیوس اور ہرا کے معبد اور معروف مجسمہ ساز فیدیاس کی ورکشاپ شامل ہیں۔

یونان کے آثار قدیمہ کے ادارے نے مائیکروسافٹ کو جو ڈیٹا مہیا کیا تھا اس کے متعلق بتایا گیا ہے کہ وہ اپنی اصل کے نزدیک ترین ہے۔ اس تاریخی مقام کی سیاحت پر جانے والوں کو وہاں پہنچنے پر سمارٹ عینک دی جاتی ہے جسے پہن کر وہ تاریخ کے اس دور میں پہنچ جاتے ہیں، جب ان مقامات پر زندگی سانسیں لیتی تھی اور سمارٹ عینک پہننے والا سب کچھ اپنے سامنے ہوتا ہوا دیکھنے لگتا ہے۔

اسے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ کس طرح وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہاں چیزیں تبدیل ہوتی رہیں۔

یونان کے اداکار اولمپیا کے مقام پر اولمپکس گیمز کی مشعل روشن کرنے کی ایک تقریب میں پرفارم کر رہے ہیں۔
یونان کے اداکار اولمپیا کے مقام پر اولمپکس گیمز کی مشعل روشن کرنے کی ایک تقریب میں پرفارم کر رہے ہیں۔

اس موقع پر مائیکروسافٹ کے اینٹی گونے پاپانیکولو نے تفصیل سے بتایا کہ یہ سب کچھ کیسے ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بالکل اسی طرح ہے جیسے روشنی ایک نسل سے دوسری نسل کو منتقل ہوتی ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ اب ہم یہ دیکھ سکتے ہیں کہ ہمارے آبا ؤ اجداد کس طرح زندگی گزارتے تھے اور کس طرح چیزیں تخلیق کرتے تھے۔ اور یہ کہ زمانہ قبل از تاریخ کا یونان کیسا تھا۔ یہ تجربہ فی الواقع دیکھنے والوں کے لیے حیران کن ہوتا ہے۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ جو لوگ ان تاریخی مقامات کو دیکھنے کے لیے کسی وجہ سے جنوبی یونان نہیں جا سکتے، وہ کمپیوٹر پر ان مقامات کی ورچوئل سیر کر سکتے ہیں یا ان مقامات کو اپنے موبائل فون پر ایک ایپ کے ذریعے دیکھ سکتے ہیں۔

اولمپیا کے ان تاریخی مقامات کو ڈیجیٹل کرنے میں مائیکروسافٹ کے ماہرین کو 18 مہینے لگے ہیں اور اس علاقے کے نقشے بنانے اور دیگر معلومات اکھٹی کرنے کے لیے انہوں نے ڈرونز اور سینسرز کا استعمال کیا۔

یونان کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ اس پراجیکٹ نے اس ملک کے نوادرات کے خزانوں اور ثقافتی رنگارنگی کے اثرات کو لا محدود کر دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG