رسائی کے لنکس

یونان کو قرضوں کی ادائیگی میں مسائل کا سامنا


یونان کو قرضوں کی ادائیگی میں مسائل کا سامنا
یونان کو قرضوں کی ادائیگی میں مسائل کا سامنا

یونان کو اپنے بڑھتے ہوئے قرضوں پر قابو پانے کی کوششوں میں پریشان کن خبروں کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔کریڈٹ کی درجہ بندی سے متعلق دنیا کے ایک اہم ادارے Fitch Ratings نے جمعے کےروز یونان کی ریٹنگ ان خدشات کے پیش نظر کم کردی کہ وہاں کی حکومت 70 ارب ڈالر کے اپنے قرضوں کی ادائیگی کی پوزیشن میں نہیں ہے۔اسے اپنے کئی قرضوں کی ادائیگی آئندہ چند ہفتوں میں کرنا ہے۔

یونان کو قرضوں کی ادائیگی کے لیے مئی کے آخر تک لازمی طورپر 15 ارب ڈالر کا انتظام کرنا ہے۔ لیکن اس صورت حال پر سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی تشویش نے حکومت کے لیے ایک اور مسئلہ پیدا کردیا ہے اور وہ ہے قرضوں کے حصول کے اخراجات میں ریکارڈ اضافہ۔

حال ہی میں کریڈٹ ریٹنگ کی کمی کے نتیجے میں یونان کے لیے رقم کا بندوبست مزید دشوار ہوسکتا ہے۔

وزیر خزانہ جارج پاپا کونستان تینو (George Papaconstantinou)کا کہنا ہے کہ ان کاملک ڈیفالٹ ہونے سے بچنے کےلیےیورو زون اور آئی ایم ایف کے امدادی پروگراموں کا سہارا لینا نہیں چاہتا۔

لیکن انہوں نے ان امدادی پروگراموں کو ایک اہم حفاظتی بندوبست قراردیتے ہوئے کہا کہ سرکاری عہدےدار اس بارے میں تفصیلات اکھٹی کررہے ہیں کہ یہ پروگرام کس طرح کام کرتے ہیں۔

اٹلی کے وزیر اعظم سیلوئیو برلسکونی(Silvio Berlusconi)اور فرانسیسی صدرنکولس سرکوزی ، دونوں نے جمعے کے روز ایتھنز کی مدد کرنے کا وعدہ کیا۔

فرانسیسی صدرنکولس سرکوزی کا کہناتھا کہ یونانی حکام نےاپنے سرکاری مالیاتی کی صورت حال بہتر بنانےکے لیے جرآت مندانہ اقدامات کیے ہیں۔ یورو زون کے تمام ممالک ،اس کی مدد کے لیے ایک پیکیج کی منظوری دے چکے ہیں۔اور ہم یونان کی مدد کے لیے اس منصوبے کو کسی بھی وقت متحرک کرنے کے لیے تیار ہیں۔

یونان کفائت شعاری کے اپنے حالیہ اقدامات اور سرکاری ملازموں کی تنخواہوں میں کمی اورپنشنوں کو منجمد کرنے کی کارروائیوں کے ذریعے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کی کوششیں کررہا ہے تاکہ ملک 70 ارب ڈالر کے قرض کی واپسی کے قابل ہوسکے۔وزیر خزانہ کا کہناہے کہ ان اقدامات سے اس سال کی پہلی سہ ماہی میں یونان کے بجٹ خسارے میں 40 فی صد تک کمی ہوئی ہے۔ مگر میونسپل کارکنوں نے اپنی ملازمتیں چھن جانے کے خوف سے اس ہفتے ان اقدامات کے خلاف مظاہرے کیے۔

ماہر اقتصادیات ویسی لس ولاستا راکس (Vassilis Vlastarakis)کہتے ہیں۔کہ یونان کو مئی میں 12 ارب یورو کی ضرورت ہے۔ اس کے حصول کے کئی طریقے ہیں۔ ایک ممکنہ طریقہ treasury bills کا اجرا ہے۔ جس کے ذریعے اگلے ہفتے کے دوران مطلوبہ رقم کا کم ازکم نصف حاصل کیا جاسکتا ہے۔اس لیے میرے خیال میں حکومت کو اس صورت حال کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہیے۔ انہیں اپنے منصوبے پر سختی سے عمل کرنا چاہیے۔

سرمایہ کاری سے متعلق حکمت عملی ایک ماہر Manos Chatzidakis اس سے متفق ہیں۔وہ کہتے ہیں کہ واحد کام جواس وقت ہم کرسکتے ہیں وہ یہ ہے کہ ہم کچھ اعدادوشمار پیش کریں اور استحکام سے متعلق اپنے پروگرام پر سختی سے قائم رہیں۔

کئی یونانی نوجونوں نے اپنے ملک کے مالیاتی بحران سے کئی سبق سیکھے ہیں۔ ان دونوں نوجوان لڑکوں کو جنہوں نے اپنے جیب خرچ سے 20 یورو کا عطیہ دیا تھا، جمعے کے روز اپنی دادی کے ساتھ پارلیمنٹ کے دورے کی دعوت دی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG