رسائی کے لنکس

یونان میں بینک تین ہفتوں تک بند رہنے کے بعد کھل گئے


اب بینک صارفین کو زیادہ سے زیادہ 65 ڈالر روزانہ کی بجائے ہفتہ وار یکمشت 455 ڈالر نکلوانے کی اجازت ہو گی۔ تاہم بیرون ملک سرمائے کی منتقلی پر پابندی برقرار رہے گی۔

شدید معاشی بحران میں گھرے یونان کے بینک تین ہفتے تک بند رہنے کے بعد پیر کو دوبارہ کھل گئے۔ اب بینک صارفین کو روزانہ زیادہ سے زیادہ 65 ڈالر کی بجائے ہفتہ وار یکمشت 455 ڈالر نکلوانے کی اجازت ہو گی۔ تاہم بیرون ملک سرمائے کی منتقلی پر پابندی برقرار رہے گی۔

جرمن چانسلر آنگیلا مرخیل نے ایک مرتبہ پھر یونان کے قرض کا کچھ حصہ معاف کرنے کی تجویز مسترد کر دی ہے، مگر ساتھ ہی کہا ہے کہ ان کی حکومت نئے مذاکرات میں یونان کے ساتھ بیل آؤٹ قرضوں کی ادائیگی کے شیڈول کے بارے میں لچک کا مظاہرہ کرے گی۔

اتوار کو جرمن ٹیلی وژن پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یونان کے یوروزون سے نکلنے کے امکان کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے جمعہ کو جرمن قانون سازوں سے کہا تھا کہ یونان کے یورو زون سے عارضی طور پر نکلنے سے ’’انتشار پیدا ہونے کا امکان‘‘ ہے۔

یونان کے بینک صارفین پر پیسے نکلوانے پر پابندیوں کے بارے میں انہوں نے سرکاری جرمن ٹیلی وژن ’اے آر ڈی‘ پر کہا کہ ’’یہ معمول کی زندگی نہیں، اس لیے ہمیں جلد چیزیں طے کرنا ہو گی۔‘‘ یونان کے لیے 95 ارب ڈالر کے تیسرے یورپی بیل آؤٹ پر مذاکرات جلد متوقع ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جرمنی یونان سے نئی شرائط پر عمل کی یقین دہانی حاصل کرنے کے بعد جلد بیل آؤٹ پر مذاکرات کو مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔

جرمنی بیل آؤٹ کے لیے سب سے زیادہ سرمایہ فراہم کرنے والا ملک ہے۔

ایتھنز میں یونان کے وزیرِ اعظم الیکسس سیپراس کو اس ہفتے نئے پارلیمانی چیلنجوں کا سامنا ہے۔ ان کی حکومت یورپی قرض دہندگان کے مطالبے پر پارلیمان سے نئی اصلاحات کی منظوری حاصل کرنا چاہتی ہے۔

بدھ کو متوقع رائے شماری حکمران جماعت ’سریزا‘ کے لیے ایک امتحان ثابت ہو گا جس کے نتیجے میں سیپراس کی حکومت بچ سکتی ہے یا وزیر اعظم سیپراس کو استعفیٰ بھی دینا پڑ سکتا ہے۔

300 ارکان پر مشتمل ایوان میں سیپراس کی مخلوط حکومت 162 نشستیں رکھتی ہے۔ مگر گزشتہ ہفتے ہونے والی اہم رائے شماری میں صرف 123 حکومتی ارکان نے اخراجات میں کمی کی حمایت کی۔

سریزا پارٹی کے ایک چوتھائی ارکان نے اس اصلاحاتی بل کی حمایت نہیں کی، مگر اسے حزب اختلاف کی مدد سے منظور کروا لیا گیا۔

XS
SM
MD
LG