رسائی کے لنکس

انڈوں کے خول کے فن پارے


آرٹس مختلف اشکال میں ہمیشہ ہی انسان کو مسحور کرتا آیا ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ انڈوں کے چھلکوں کو بھی آرٹ کی شکل دے کر انہیں خوبصورت بنایا جا سکتا ہے؟

ٹینا کیناپل ایک ایسی ہی خاتون ہیں جو انڈے کے چھلکوں کو تراشنے کے فن کی ماہر ہیں۔

انڈوں کے خول کی تراش خراش ایک آسان کام نہیں۔ یہ کام صرف ماہر ہاتھ ہی کر سکتے ہیں ، ٹینا کو یہ کام جنون کی حد تک پسند ہے۔

ان کا کہناہے کہ میں نے انڈے کے چھلکوں کو بہت سی اقسام میں تراشا ہے۔ کئی مرتبہ تو ایسا لگتا ہے کہ جیسے یہ انڈے کے خول کی بجائے کوئی لیس ہو۔

ٹینا ایک سال کے دوران تقریبا سولہ سو سے زائد انڈوں کو تراش کرانہیں مختلف خوبصورت اشکال دیتی ہیں۔ وہ اپنے کام کے لیے مختلف پرندوں کے انڈے کے خول استعمال کرتی ہیں۔ مگر شتر مرغ کا نہیں کیونکہ ان کا کہناہے کہ اس کا خول بہت سخت ہوتا ہے۔

انڈے کے خول کو کوئی بھی شکل دینے کا پہلا مرحلہ کاغذ پر بنے ہوئے ڈیزائن کو اس خول پر چپکانا ہے۔ کاغذ لگانے سے خول ٹوٹنے کا امکان کم ہو جاتا ہے۔

ٹینا کے پاس تین سو سے زائد مختلف ڈیزائنز ہیں۔ لیکن ڈیزائن کوئی بھی ہو، ذرا سی بے احتیاطی تراش کے دوران انڈے کے خول کو توڑنے کا باعث بن سکتی ہے۔

تراش مکمل ہونے کے بعد انڈوں کے خول کو صاف کیا جاتا ہے۔ پہلے انہیں گرم پانی میں اور اس کے بعد بلیچ میں ڈالا جاتا ہے۔ان کا کہناہے کہ بلیچ انڈے میں موجود تمام مواد ختم کرکے اسے جراثیم سے پاک کر دیتا ہے۔

واشنگٹن کے مضافات میں واقع ایک آرٹ گیلری میں ٹینا کے بنائے ہوئے انڈوں کے بہت سے خول رکھے گئے ہیں۔ جن کی قیمت تیس سے چار سو ڈالر کے درمیان ہے۔

XS
SM
MD
LG