وسطی امریکی جمہوریہ گوئٹے مالا میں پیر اور منگل کو محض 12 گھنٹوں کے دوران چھ زلزلے آئے جن سے کم از کم تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
سب سے طاقتور زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.8 ریکارڈ کی گئی جو مقامی وقت کے مطابق دوپہر کو آیا۔ تمام زلزلوں کا مرکز گوئٹے مالا شہر سے 52 کلو میٹر جنوب میں تھا۔
امریکی جیولاجیکل سروے کے مطابق ان زلزلوں کی شدت 4.3 سے 5.8 کے درمیان تھی۔
کویلاپا قصبے میں مکان منہدم ہونے سے ایک خاتون ہلاک ہوئی، جب کہ ایک گاڑی مٹی کے تودے تلے دب گئی۔
زلزلوں کے باعث عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا، جب کہ ان کی وجہ سے بجلی اور ٹیلی فون کی سہولتیں بھی متاثر ہوئیں۔