رسائی کے لنکس

سپر کبڈی لیگ: دوسرے سیمی فائنل میں گجرات نے کشمیر کو ہرا دیا


Kabaddi League
Kabaddi League

ایونٹ کا فائنل جمعرات کو فیصل آباد شیردلز اور گجرات واریئرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستان کی پہلی سپر کبڈی لیگ کے سیمی فائنل میچز میں فیصل آباد نے ساہیوال جبکہ گجرات نے کشمیر کو شکست دے دی ہے جس کے بعد ایونٹ کا فائنل جمعرات کو فیصل آباد شیردلز اور گجرات واریئرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل بدھ کی رات فیصل آباد شیردلز اور ساہیوال بلز کے درمیان لاہور میں کھیلا گیا۔ کبڈی کے گڑھ ’فیصل آباد‘ کے شیردلز نے میچ کے آغاز سے ہی حریف ٹیم پر دباؤ بنائے رکھا اور دونوں جانب سے بھرپور کھیل دیکھنے کو ملا۔ لیکن پہلا ہاف 17-22 پوائنٹس کے ساتھ فیصل آباد کی برتری پر ختم ہوا۔

دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے پوائنٹ لینے کی بھرپور کوشش کی۔ اس ہاف میں بھی فیصل آباد شیردلز کا پلہ بھاری رہا اور میچ کا اختتام 24 کے مقابلے میں 33 پوائنٹس کے ساتھ شیردلز کی جیت پر ہوا۔ فیصل آباد کے عابد حسین کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے 11 پوائنٹس اسکور کیے۔

دوسرے سیمی فائنل میں گجرات واریئرز نے کشمیر جانباز کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

گجرات واریئرز نے 41 جبکہ کشمیر جانبازنے 28 پوائنٹس حاصل کیے۔ پہلا ہاف مکمل ہونے تک گجرات واریئرز کو اپنی حریف ٹیم پر 3 پوائنٹس کی برتری حاصل تھی۔ گجرات واریئرز کے 20 پوائنٹس جبکہ کشمیر جانباز کے17 پوائنٹس تھے۔

لاہور کے سینئر صحافی محمد زابر سعید نے وی او اے کو بتایا کہ کھیل کے دوران ایک موقع پر گجرات واریئرز کے ایرانی کھلاڑی بابا علی زخمی ہو گئے تاہم فرسٹ ایڈ کے بعد وہ کھیل میں واپس آگئے اور مخالف ٹیم کا جم کر مقابلہ کیا۔

بابا علی کو شاندار کھیل پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

ایونٹ کا فائنل جمعرات کو فیصل آباد شیردلز اور گجرات واریئرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

سپر کبڈی لیگ میں مجموعی طور پر دس ٹیموں نے حصہ لیا۔ جنہیں دو پولز میں تقسیم کیا گیا تھا۔ پول ’اے‘ میں گجرات واریئرز، گوادر بہادر، لاہور تھنڈرز، ساہیوال بلز اور کراچی زورآورز جبکہ پول ’بی‘ میں اسلام آباد آل اسٹارز، پشاور حیدرز، فیصل آباد شیردلز، کشمیر جانباز اور ملتان سکندرز کی ٹیمیں شامل تھیں۔

XS
SM
MD
LG