رسائی کے لنکس

گلالئی اسماعیل کے لیے 'انا پولیتکوسکایا ایوارڈ'


گلالئی اسماعیل نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا ہے کہ اُنھیں یہ ایوارڈ پاکستان میں انتہا پسندی کے خلاف کوششوں پر دیا گیا ہے۔

انتہا پسندی کے خلاف کام کرنے والی پاکستان خاتون گلالئی اسماعیل اور حال ہی میں قتل کی جانے والی بھارتی صحافی گوری لنکیش کو مشترکہ طور پر 2017ء کا "انا پولیتکوسکایا ایوارڈ" ملا ہے۔

گوری لنکیش کو گزشتہ ماہ بھارت میں قتل کر دیا گیا تھا جب کہ گلالئی اسماعیل پاکستان میں ایک غیر سرکاری تنظیم ’اویئر گرلز‘ کی بانی ہیں جو انتہا پسندی کے خلاف کام کر رہی ہے۔

گلالئی اسماعیل نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا ہے کہ اُنھیں یہ ایوارڈ پاکستان میں انتہا پسندی کے خلاف کوششوں پر دیا گیا ہے۔

’’میں خیبر پختونخوا میں کافی عرصے سے انتہا پسندی کے خلاف کام کر رہی ہوں۔ میرا کام خاص کر نوجوانوں کو انتہا پسندی سے بچانا ہے اور انتہا پسندی کی جو سوچ ہے، معاشرے میں اسے جڑ سے اکھاڑنے کے لیے کام کرتی ہوں اور اس وجہ سے انھوں نے مجھے ایوارڈ دیا ہے۔‘‘

گلالئی اسماعیل کا کہنا تھا کہ اُنھیں انتہا پسندی کے خلاف مہم کے دوران دھمکیوں اور مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

’’میرے خیال میں یہ ایوارڈ ان لوگوں کے لیے، ان نوجوانوں کے لیے جو انتہا پسندی کے خلاف آواز اٹھانا چاہتے ہیں۔۔۔ ایسے لوگ جنہیں لگتا ہے کہ ان کے کام کو سپورٹ کرنے والا کوئی نہیں، اس میں ان کے لیے بہت انسپائریشن ہے کیونکہ اس سے ایک پیغام جاتا ہے کہ اگر وہ انتہا پسندی کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں تو ان کو سپورٹ کرنے والے لوگ موجود ہیں۔‘‘

گلالئی اسماعیل کہتی ہیں کہ اس ایوارڈ سے انتہا پسندی کے خلاف آواز بلند کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور اُن کی کوششیں اجاگر ہوں گی۔

انا پولیتکوسکایا ایک روسی صحافی تھیں جو خاص طور پر جنگ زدہ علاقوں میں انسانی حقوق کے لیے کام کرتی تھیں۔ اُنھیں 2006ء میں قتل کر دیا گیا۔

ایک غیر سرکاری ادارے ’را ان وار‘ انا پولیتکوسکایا کی خدمات کے اعتراف میں یہ ایوارڈ ہر ساک دنیا کی اُن خواتین کو دیتا ہے جو کہ انتہا پسندی کے خلاف کام کرتی ہیں۔

طالبان کے حملے میں شدید زخمی ہونے والی پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کو بھی 2013 میں یہ ایوارڈ دیا گیا تھا۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والی گلالئی اسماعیل کو اس سے قبل 2015ء میں دولت مشترکہ کا یوتھ ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG