رسائی کے لنکس

شہرہ آفاق ٹی وی ڈرامہ ’ہاف پلیٹ‘ اب اسٹیج پر


’یہ ڈرامہ میں نے خالدہ ریاست کے لئے لکھا تھا۔ اپنی زندگی کے آخری دنوں میں جب وہ کینسر کے سبب بستر مرگ پر تھیں، انہوں نے مجھ سے کہا تھا کہ میں مر رہی ہوں اور آپ کا ڈرامہ مجھے زندہ کرسکتا ہے،‘ انور مقصود

ٹی وی ڈراموں سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے انور مقصود کا نام نیا نہیں۔ وہ گذشتہ 45سالوں سے اپنے ڈراموں کے ذریعے معاشرتی برائیوں کی چیرا دستی میں مصروف ہیں۔ انور مقصود کو طنز ومزاح کی چاشنی میں لپٹے نشتر چلانے میں ملکہ حاصل ہے۔ ان کے اکثر ڈرامے اپنے زمانے کے بلاک بسٹر تھے۔ یہ جب آن ائیر ہوتے تو سڑکیں ویران ہو جایا کرتی تھیں۔

انور مقصود کے ایسے ہی یادگار ڈراموں کو اسٹیج کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے کاپی کیٹ پروڈکشن کی نوجوان ٹیم نے اور آغاز کیا ’پونے چودہ اگست‘ اور ’سوا چودہ اگست‘ سے۔ یہ دونوں ڈرامے ٹی وی پر پیش نہیں ہوئے تھے لیکن ان ڈراموں کی غیرمعمولی کامیابی سے ہمت پا کر اسی ٹیم نے انورمقصود کا سدا بہار مقبول ڈرامہ ’آنگن ٹڑھا‘ پیش کیا جس نے ریکارڈ ساز کامیابی حاصل کی۔

اب باری آئی ہے طویل دورانیے کے ڈارمے ’ہاف پلیٹ‘ کی جو آرٹس کونسل میں 10 دسمبر سے روزانہ پیش کیا جا رہا ہے۔ اس کا اختتام 10جنوری کو ہی ہوگا۔

’ہاف پلیٹه کے حوالے سے ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے ڈرامے کے مصنف انور مقصود کا کہنا ہے، ’یہ ڈرامہ میں نے خالدہ ریاست کے لئے لکھا تھا۔ اپنی زندگی کے آخری دنوں میں جب وہ کینسر کے سبب بستر مرگ پر تھیں، انہوں نے مجھ سے کہا تھا کہ میں مر رہی ہوں اور آپ کا ڈرامہ مجھے زندہ کرسکتا ہے۔ اس کے ٹی وی ورژن میں خالدہ ریاست کے علاوہ معین اختر، جمشید انصاری اور لطیف کپاڈیا بھی تھے۔ اب یہ سب دوسری دنیا کے راہی ہیں۔ تھیڑ پر ’ہاف پلیٹ‘ کی پیشکش ان سے خراج ِعقیدت ہے۔ ان لوگوں نے اپنی زندگی کی یادگار پرفارمنس دے کر ’ہاف پلیٹ‘ کو امر کردیا ہے‘۔

’ہاف پلیٹ‘ کے ڈائریکٹر داور محمود ہیں۔ معین اختر کا کردار ’مرزا‘ اسٹیج پر یاسر حسین ادا کریں گے جبکہ مریم، خالدہ ریاست اور زاہد، ارشد محمود کے کردار ’بٹ صاحب‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

کراچی میں ایک مہینہ نمائش کے بعد ’ہاف پلیٹ‘ پہلے دو ہفتوں کے لئے لاہور اور اس کے بعد اسلام آباد میں اسٹیج کیا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG