رسائی کے لنکس

داعش سے متعلق 9,200 ٹوئٹر اکاؤنٹس کی نشاندہی


’ایکس آر ایس او این ای‘ نے ایک بیان میں کہا کہ ’’اس مسئلے کی طرف جتنی زیادہ توجہ ہو گی اس بات کا امکان اتنا ہی بڑھے گا کہ ٹوئٹر ان اکاؤنٹس کو بند کرنے کے بارے میں اقدام کرے گا

انٹرنیٹ کے سرگرم ہیکر گروپ ’انونیمس‘ اور اس کے ساتھ کام کرنے والے ساتھیوں نے 9,200 ٹوئٹر اکاؤنٹ کے نام شائع کیے ہیں جن کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ یہ داعش کے حامیوں کے ہیں۔

ان اکاؤنٹس کے نام شائع کرنے کا مقصد سوشل میڈیا ویب سائٹس کے کرتا دھرتاؤں کی توجہ اس عسکریت پسند گروپ کی انٹرنیٹ پر موجودگی کو ختم کرنے کی طرف دلانا ہے۔

وائس آف امریکہ اس فہرست میں شامل اکاؤنٹس کی آزادانہ تصدیق نہیں کر سکا ہے مگر جن اکاؤنٹس کا جائزہ لیا گیا ان میں سے اکثر پر داعش کے سیاہ اور سفید جھنڈے کی تصویر پائی گئی اور یہ چند منٹوں یا دنوں قبل فعال تھے جبکہ کئی اکاؤنٹس کو معطل کر دیا گیا تھا۔

شرکاء کے بیانات کے مطابق سینکڑوں صارفین اور متعدد سرگرم گروپوں نے اس فہرست کو مرتب کرنے میں مدد دی۔

ٹوئٹر کے صارف @CtrlSec، جس نے یہ فہرست مرتب کرنے میں مدد دی، پچھلے ہفتے کہا تھا کہ جن 11,660 اکاؤنٹس کا تعلق انھوں نے داعش، القاعدہ اور دوسرے دہشت گرد گروپوں سے بتایا تھا ان میں سے اب صرف 2,000 فعال ہیں، باقیوں کو بند کر دیا گیا ہے۔

’ایکس آر ایس او این ای‘ نے ایک بیان میں کہا کہ ’’اس مسئلے کی طرف جتنی زیادہ توجہ ہو گی اس بات کا امکان اتنا ہی بڑھے گا کہ ٹوئٹر ان اکاؤنٹس کو بند کرنے کے بارے میں اقدام کرے گا اور داعش کی پروپیگنڈہ کرنے اور نئے ممبر بھرتی کرنے کی صلاحیت پر اثر انداز ہو گا۔‘‘ یہ تنظیم اپنا تعارف ’’ڈیجیٹل انسداد دہشت گردی کی ماہر سائبر سیکورٹی فرم‘‘ کے طور پر کرواتی ہے۔

اس ماہ کے اوائل میں ٹوئٹر نے داعش سے متعلقہ ہزاروں اکاؤنٹس کو معطل کر دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG