رسائی کے لنکس

جماعت الدعوۃ کے رہنما حافظ سعید نظر بند


Hafiz Saeed
Hafiz Saeed

پاکستان کی ایک دینی تنظیم ’جماعت الدعوۃ‘ کے سربراہ، حافظ سعید اور دیگر چار افراد کو نظر بند کر دیا گیا ہے۔حافظ سعید کو ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کیا گیا ہے جسے سب جیل قرار دیا جا رہا ہے۔

حافظ سعید کے علاوہ نظر بند کئے جانے والے افراد میں عبداللہ عبید، ظفر اقبال، عبدالرحمٰن عابد اور قاضی کاشف نیاز شامل ہیں۔ ان افراد کا تعلق مریدکے، لاہور، فیصل آباد اور ملتان سے ہے۔

محکمہٴ داخلہ پنجاب نے اس حوالے سے باقاعدہ ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے جس پر اجرا کی تاریخ ایک دن پہلے کی ہے یعنی 29 جنوری، 2017ء جبکہ اس پر ایڈیشنل سیکریٹری اورنگ زیب حق کے دستخط موجود ہیں۔ اس میں وفاقی وزارت داخلہ کے 27جنوری کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں ’جماعت الدعوۃ‘ اور ’فلاح انسانیت فاؤنڈیشن‘ کو شیڈول ٹو میں شامل کرتے ہوئے دونوں تنظیمیں امن و سلامتی کے لئے نقصان دہ قرار دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، ان جماعتوں کو چار روز قبل واچ لسٹ میں شامل کیا گیا تھا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دونوں تنظیمیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 1267 کی خلاف ورزیوں کی مرتکب پائی گئی ہیں۔

نظر بند کیے گئے پانچوں افراد ان دونوں تنظیموں کے سرگرم رکن ہیں۔

XS
SM
MD
LG