رسائی کے لنکس

’یورپی یونین روس پر مزید پابندیاں عائد کر سکتا ہے‘


ولیم ہیگ نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے 28 ممبران روسی اقدامات کا بغور جائزہ لے کر اس حوالے سے کوئی فیصلہ کریں گے

برطانیہ کے وزیر ِخارجہ ولیم ہیگ نے پیر کے روز روس کو ایک مرتبہ پھر متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر روس نے یوکرین کے لیے مجوزہ امن پروگرام پر عملدرآمد نہ کیا اور اگر یورپی یونین یوکرین کے حوالے سے روسی اقدامات سے متاثر نہ ہوا، تو روس پر مزید کڑی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔

برطانوی وزیر ِخارجہ لکسمبرگ میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے ایک اجلاس میں شرکت سے قبل صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

ولیم ہیگ کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے 28
ممبران روسی اقدامات کا بغور جائزہ لے کر اس حوالے سے کوئی فیصلہ کریں گے۔

یورپی یونین نے روس پر پابندیوں کا تعین کر لیا ہے مگر ابھی یہ پابندیاں عائد کرنے سے احتراز برت رہی ہے، کیونکہ یورپی یونین میں شامل چند ممالک کو اندیشہ ہے کہ ایسا کرنے سے وہ روس کو اپنا دشمن بنا لیں گے، جو کہ ان ممالک کو گیس کی ترسیل کا سب سے بڑا سپلائیر ہے۔

برطانوی وزیر ِخارجہ نے اخباری نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہا کہ، ’روسی صدر پوٹن کو کوئی ابہام نہیں رہنا چاہیئے کہ یورپی یونین سخت اقدامات (روس پر کڑی پابندیاں) عائد کر سکتا ہے۔ روس پر مزید پابندیاں عائد ہونے کے لیے کام کیا جا چکا ہے‘۔

دوسری طرف، امریکہ پہلے ہی روس کو یوکرین میں مداخلت بند نہ کرنے پر مزید معاشی تعزیرات عائد کرنے کا عندیہ دے چکا ہے۔
XS
SM
MD
LG