رسائی کے لنکس

امریکہ ہیٹی کے عوام کے ساتھ ہے: صدر اوباما


صدر براک اوباما نے کہا کہ ہیٹی نے جو نقصانات برداشت کیے ہیں وہ تباہی کے سوا کچھ نہیں، اور اِس درجے کی تباہی میں مدد دینے کے لیے ہماری قومی اہلیت کے تمام عوامل کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔

جمعرات کو وائٹ ہاؤس سے خطاب میں اُنھوں نے کہا کہ امریکہ کی سفارت کاری اور ترقیاتی معاونت، ہماری فوج کی طاقت اور سب سے زیادہ اہم ہمارے ملک کا ہمدردی کا جذبہ قابلِ رشک ہے جسے استعمال میں لانے کی ضرورت ہے۔

اُنھوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی قومی سلامتی کی ٹیم کے قائدین پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ یہ لازم ہے کہ ہیٹی کو انتظامیہ کے محکموں اور اداروں کے لیے اعلیٰ ترین ترجیح حاصل ہے۔

صدر نے ہیٹی کی تباہ کاری کو اُن لمحات میں سے ایک قرار دیا جو امریکی قیادت کے متقاضی ہوتے ہیں۔

مسٹر اوباما نے مزید کہا کہ اپنے اُن شہریوں کی خاطر جو ہیٹی میں ہیں، ہیٹی کے عوام کی خاطر جنھوں نے بے انتہا مصائب برداشت کیے ہیں اور مشترکہ انسانیت کی خاطر ہم اپنے ہیٹی کے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

صدر نے امدادی کوششوں کے بارے میں کہا کہ امریکی امدادی کارکنوں کی پہلی کھیپ ہیٹی پہنچ چکی ہے اور وہ امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

اِس طرح سے اُن کا کہنا تھا کہ تباہی کا جائزہ لینے والی ٹیم نے دو دن بعد ہی کام کر کے اُن شعبوں کی نشان دہی کی ہے جہاں امداد کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

اُنھوں نے اِس بات پر زور دیا کہ امریکی اپنی امدادی کوششوں کو ہیٹی کی حکومت اقوامِ متحدہ اور وہاں موجود دیگر ملکوں کے ساتھ مربوط کر رہا ہے۔

صدر اوباما نے امریکی شہریوں کی سلامتی کو اعلیٰ ترین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ زخمی امریکیوں کو طیاروں کے ذریعے ہیٹی سے نکال لیا گیا ہے اور إِسی طرح کی مزید کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ تاہم اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ خواہ کتنی بھی تیز رفتاری سے کام کیا جائے پھر بھی اِس میں گھنٹے اور کئی معاملات میں دن تک لگ سکتے ہیں، کیوں کہ ہیٹی کی سڑکیں گزرنے کے قابل نہیں۔ بندرگاہ کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ تباہی کی تفاصیل موصول ہو رہی ہیں جب کہ ابھی تک جھٹکے جاری ہیں۔

تاہم اُنھوں نے ہیٹی کے عوام کو یقین دلایا کہ امریکہ کی حالیہ تاریخ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سب سے بڑی امدادی کارروائی اِس وقت ہیٹی میں جاری ہے۔

ملبے تلے افراد کی مزید تلاش کے لیے جان بچانے والی ٹیمیں آ رہی ہیں، مزید خوراک اور پانی، مزید ڈاکٹر اور طبی عملہ اور إِسی طرح ایسا سازو سامان اور لوگ آ رہے ہیں جن کی موجودگی زندگی بچانے میں معاون ثابت ہو گی۔

مسٹر اوباما نے ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائی کے لیے فوری طور پر دس کروڑ ڈالر کی امداد کا وعدہ کیا جس میں بقول اُن کے آئندہ دنوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

صدر نے اپنے تقریر میں بار بار ہیٹی کے عوام کو یقین دلایا کہ امریکہ اُن کے ساتھ ہے۔ متاثرین کو ان کے حال پر نہیں چھوڑا جائے گا نہ اُنھیں فراموش کیا جائے گا۔ آپ کے اِس برے وقت میں امریکہ آپ کے ساتھ ہے، دنیا آپ کے ساتھ ہے۔

XS
SM
MD
LG