رسائی کے لنکس

زلزلے میں ہیٹی کی فٹ بال ٹیم ہلاک


ایک ہفتہ قبل ہیٹی میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں ملک کی فٹ بال ٹیم کے کم ازکم 30 ارکان بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ انکشاف فٹ بال کی عالمی تنظیم FIFA کو پیش کی گئی ایک سرکاری رپورٹ میں کیا گیا ہے۔

مرنے والوں میں قومی ٹیم کے کھلاڑی، ریفری اور کوچ کے علاوہ انتظامیہ اور ٹیم کے طبی شعبے سے تعلق رکھنے والے ممبران شامل ہیں۔ یہ سب لوگ فٹ بال فیڈریشن کے صدر دفتر میں ایک اجلاس میں شریک تھے جب اچانک زلزلے کے زوردار جھٹکوں سے عمارت منہدم ہوگئی۔

20 دوسرے ممبران ابھی بھی لاپتہ ہیں اور باور کیا جاتا ہے کہ وہ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ تاہم فیڈریشن کے صدر زلزلے میں محفوظ رہے۔

مقامی حکام نے بتایا ہے کہ اولمپک کھیلو ں میں ہیٹی کی نمائندگی کرنے والے کم از کم سات ایتھلیٹ بھی اس قدرتی آفت میں لقمہ اجل بن گئے۔ ان میں تائی کوانڈوکے کھلاڑیوں کے علاوہ دو باکسر اور تین جوڈو کھیلنے والے شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG