رسائی کے لنکس

ہیٹی میں امریکہ کی امدادی سرگرمیاں


ہیٹی میں زلز لے سے متاثرہ علاقوں میں اس وقت 5800 امریکی فوجی اہلکار امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں اور توقع ہے کہ مزید ساڑھے سات ہزار اہلکار پیر کو پہنچ جائیں گے۔ یہ اعداد وشمار واشنگٹن میں وائٹ ہاوس نے جاری کیے ہیں۔

امریکی ائر فورس نے ملک میں فضائی ٹریفک کے نظام کا کنٹرول اور دارالحکومت پورٹ او پرنس میں ایئر پورٹ کا انتظام سنبھال رکھا ہے۔ ایک روز قبل اس ہوائی اڈے پر روزانہ 60 جہاز وں کے اترنے اور پرواز کرنے کی گنجائش تھی جو اتوار کو بڑھ کر 100 جہاز روزانہ ہو گئی ہے۔

وائٹ ہاوس کا کہنا ہے کہ امریکی وزارت صحت کی طرف سے 250 طبی ماہرین اور اہلکاروں کو ہیٹی بھیجا گیا ہے جبکہ ان کے ساتھ ادویات ، خوراک اور میڈیکل کے آلات سے بھرے تین جہاز بھی روانہ کیے گئے ہیں۔

امریکی فوجی جہازوں نے اب تک ہیٹی میں زلزلہ زدگان کو ایک لاکھ 30 ہزار خوراک کے پیکٹ اور 70 ہزار سے زائد پانی کی بوتلیں فراہم کر چکے ہیں۔ اسکے علاوہ متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کے تین پلانٹس بھی نصب کیے جا چکے ہیں جن سے زلزلہ زدگان کو روزانہ 180 ہزار لیٹر پانی مہیا کیا جا رہا ہے۔

سابق امریکی صدور جارج بش اور بل کلنٹن نے امریکی عوام سے کہا ہے کہ وہ ہیٹی میں متاثرین کی مدد میں مصروف ذمہ دار تنظیموں کو مالی عطیات دیں جب کہ بین الاقوامی ریڈ کراس نے اپنی امدادی کارروائیوں کے لیے دس کروڑ ڈالرز مالی امداد کی اپیل کی ہے۔ عالمی تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ رقم اس آ ئندہ تین سالوں تک لگ بھگ تین لاکھ زلزلہ زدگان کی ہنگامی امداد اور ان کی طویل المدتی بحالی پر خرچ کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG