رسائی کے لنکس

حجاز مقدسہ میں حج کےسلسلےمیں خصوصی سکیورٹی انتظامات


حج انتظامات
حج انتظامات

منصوبے کے مطابق محکمہٴشہری دفاع مکہ مکرمہ اوردیگر مقدس مقامات پر 6ہزار 9سو سیکورٹی کے خصوصی آلات نصب کرے گا جبکہ سیکورٹی کی غرض سے19ہیلی کاپٹر وں سے بھی مدد لی جائے گی

دنیا بھر کے مسلمانوں کا حج کی غرض سے سعودی عرب پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہر سال تقریباً 25لاکھ مسلمان دین اسلام کا پانچواں رکن ’حج‘ اداکرتے ہیں ۔ اِس باریہ فریضہ رواں ماہ کے آخری دنوں میں اداکیا جائے گا۔ حج کے حوالے سے سعودی عرب کے شہر مکہ کو بنیادی حیثیت حاصل ہے جہاں حج کے لئے خصوصی انتظامات کئے جاتے ہیں۔

اسی حوالے سے مکہ مکرمہ کے محکمہٴ شہری دفاع نے اعلان کیا ہے کہ دوران حج مکہ مکرمہ سمیت دیگر مقدس مقامات پر 26ہزاررضاکار تعینات کئے جائیں گے۔محکمہٴ شہری دفاع کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل سعد التویجیری کے مطابق وزیرداخلہ اورچیئرمین سپریم حج کمیٹی شہزادہ احمد نے محکمہ شہری دفاع کی جانب سے تیار کئے گئے حج منصوبے کو باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔

منصوبے کے مطابق محکمہ شہری دفاع مکہ مکرمہ اوردیگر مقدس مقامات پر 6ہزار 9سو سیکورٹی کے خصوصی آلات نصب کرے گا جبکہ سیکورٹی کی غرض سے19ہیلی کاپٹر وں سے بھی مدد لی جائے گی۔

منصوبے کو فول پروف بنانے کی غرض سے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ ان انتظامات کو 26ہزار رضاکار پائے تکمیل تک پہنچائیں گے جبکہ عازمین حج کی حفاظت کے لئے پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز بھی ہر دم الرٹ رہیں گے۔

دارالحکومت ریاض کے ایک مقامی صحافی مصطفی حبیب صدیقی کا ڈی جی محکمہ ٴشہری دفاع کے حوالے سے کہنا ہے کہ گزشتہ برسوں میں حج کے دوران ہونے والے حادثات کی وجوہات کو خاص طور سے مد ِنظر رکھتے ہوئے اِس بار مزید سخت حفاظتی منصوبہ تیار کیاگیا ہے۔

محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ حج سیزن کے دوران مکہ ، مدینہ ،مزدلفہ،منیٰ اور عرفات میں 450سے زائد فیلڈ یونٹس موجود رہیں گے جو کسی بھی حادثے کی صورت میں فوری امداد پہنچائیں گے۔ امدادی کارکنوں کے پاس آگ بجھانے کے آلات سمیت تمام ضروری سامان موجود ہ ہے۔
XS
SM
MD
LG