رسائی کے لنکس

اسرائیل کا حماس کی سرکاری عمارت پر حملہ


اسرائیلی فوج
اسرائیلی فوج

اسرائیل نے غزہ پر ممکنہ زمینی کارروائی کے لیے اضافی فوجی دستوں کو تیار رہنے کا حکم اور غزہ کی پٹی کے گرد تمام بڑی سڑکوں کو بھی بند کردیا ہے۔

اسرائیل نے غزہ میں حماس کی سرکاری عمارت کو نشانہ بنایا ہے جس سے اس اہم دفتر کو شدید نقصان پہنچا۔

ہفتے کی صبح کی جانے والی فضائی کارروائی میں غزہ میں کابینہ کے صدردفاتر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ابتدائی طور پر ان حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

اسرائیل اور فلسطین میں حماس کے شدت پسندوں کے درمیان جمعہ کو ہونے والی گولہ باری کے تبادلے کے بعد ان فضائی حملوں میں شدت آئی ہے۔ فسلطین سے داغا کیا ایک راکٹ یروشلم کے مضافات میں بھی گرا۔

اسرائیل نے غزہ پر ممکنہ زمینی کارروائی کے لیے اضافی فوجی دستوں کو تیار رہنے کا حکم اور غزہ کی پٹی کے گرد تمام بڑی سڑکوں کو بھی بند کردیا ہے۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان کشیدگی نے جنگ کا خطرہ پیدا کردیا ہے۔

مصر کے وزیراعظم حشام قندیل نے غزہ کے دورے میں کہا تھا کہ ان کا ملک جنگ بندی کے معاہدے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ تاہم مصر کے صدر محمد مرسی نے اسرائیل کے حملوں کو جارحیت قرار دیتے ہوئے اس پر کڑی تنقید کی ہے۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے جمعہ کو مصر کے صدر سے فون پر بات چیت میں صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کشیدگی کے خاتمے کے لیے مصری کوششوں کو سراہا۔

صدر اوباما نے اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو سے بھی بات کی ہے۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ مسٹر نیتن یاہو نے میزائل کا دفاعی نظام تیار کرنے میں مدد فراہم کرنے پر امریکہ کا شکریہ ادا کیا۔ ’آئرن ڈوم‘ کہلانے والے اس نظام کے بارے میں اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس کے باعث سینکڑوں راکٹوں کو غیر موثر بنا کر لاتعداد اسرائیلی جانوں کو بچایا۔

بدھ کو اسرائیل کے ایک میزائل حملے میں غزہ میں حماس کا ایک اعلیٰ فوجی کمانڈر ہلاک ہوگیا تھا۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ یہ حملہ غزہ کی طرف سے اسرائیل پر تقریباً روزانہ کیے جانے والے راکٹ حملوں کا براہ راست جواب تھا۔
XS
SM
MD
LG