رسائی کے لنکس

ہالی ووڈ جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے سکینڈل کی زد میں


ہالی وڈ کے معروف پروڈیوسر ہاروی وائن سٹین ان دنوں ایک سکینڈل کی زد میں ہیں جن کے خلاف صفحہ اول کی کئی اداکاراو ں نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کئے ہیں۔

دی اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنس نے جو آسکر ایوارڈز کا انعقاد کرتی ہے ہفتے کے روز ایک اجلاس بلایا ہے جس میں ہالی ووڈ کے اہم اور طاقتور پروڈیوسر کے خلاف الزامات کی روشنی میں پیدا ہونے والی صورتحال پر بات چیت کی جائے گی۔

بدھ کے روز اکیڈمی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں ان الزامات کو نفرت انگیز قرار دیا گیا اور کہا کہ یہ الزامات فنکاروں کی نمائندگی کرنے والے ادارے کے اعلیٰ معیار کے منافی ہیں۔

فلمساز ہاروی وائن سٹین
فلمساز ہاروی وائن سٹین

​گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ایک درجن سے زائد خواتین فنکاروں نے ہاروی وائن سٹین پر الزامات لگائے ہیں کہ انہوں نے پچھلے تین عشروں کے دوران مختلف اوقات میں انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا۔ ان خواتین میں اینجلینا جولی اور گیونتھ پالڑو بھی شامل ہیں۔

گوینتھ پیلٹرو اور اینجلینا جولی
گوینتھ پیلٹرو اور اینجلینا جولی

​امریکی ادکاراوں کے علاوہ برطانوی ادکارہ رومولا گرائی، فرانسیسی اداکارہ لیا سیدو اور ماڈل کیرا ڈیلاوین بھی ہاروی پر غیر اخلاقی رویے اور ہراساں کئے جانے کے الزامات لگا چکی ہیں۔ جبکہ بالی ووڈ کی سٹار ایشوریہ رائے کی ہالی ووڈ ایجنٹ سائمن شیفیلڈ نے آن لائن جریدے ورائٹی ڈاٹ کام پر لکھا ہے کہ وائن سٹین اکیلے ایشوریہ رائے بچن کو ملنا چاہتا تھا لیکن انہوں (سائمن شیفیلڈ) نے ایسا نہیں ہونے دیا۔ ایش اور ہاروی کئی بار ایمفار گالا اور کان فلم فیسٹیول میں مل چکے ہیں۔

پینسٹھ سالہ ہاروی وائن سٹین کی پروڈکشن کمپنی وائن سٹین کے بورڈ نے پچھلے ہفتے نیویارک ٹائمز میں ایک مفصل رپورٹ کے اشاعت کے بعد ہاروی کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ ان الزامات کے سامنے آنے کے بعد ہاروی کی اکتالیس سالہ اہلیہ جورجینا نے جو ایک ڈزائنر ہیں ایک میگزین کو بتایا کہ وہ اپنے شوہر کو چھوڑ رہی ہیں۔ ان کے دو بچے بھی ہیں۔

وائن سٹین ان الزامات کو رد کرتے ہیں۔

منگل کے روز نیویارکر میں شائع ہونی ہونے والی ایک رپورٹ میں تین خواتین نے وائن سٹین پر جنسی زیادتی کا الزام لگایا۔ ان میں سے جن دو اداکاراوں نے نام ظاہر کئے ان میں ایشیا ارجنٹو اور لوسیا ایونز شامل ہیں۔

ہالی ووڈ کی ایک اور اداکارہ روز میگووان نے ٹیوٹر کے ذریعے الزام لگایا ہے کہ ہاروی نے ان کے ساتھ بھی جنسی زیادتی کی۔

اس کے علاوہ آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ میرا سورینو نے بھی الزام لگایا کہ وہ (ہاروی) جنسی تعلقات کے لئے ان پر دباو ڈالتے رہے ۔

گزشتہ تیس برس کے دوران وائن سٹین کمپنی مشہور فلمیں بنا چکی ہے جن میں شکسپئر ان لو، ہپلپ فکشن، دی انگلش پیشنٹ اور دی ہٹلر شامل ہیں۔

فائل: سابق امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن
فائل: سابق امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن

حالیہ کچھ برسوں میں ہاروی وائن سٹین ڈیموکریٹک پارٹی کو عطیات بھی دے چکے ہیں اور انہوں نے دو مرتبہ سابق صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کو عطیات دئیے۔ بی بی سی کو دئے گئے ایک انٹرویو میں ہیلری کلنٹن نے کہا کہ انہیں الزامات سے شدید صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے ساتھ اس طرح کا رویہ ناقابل برداشت ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ہاروی کو ایک عرصے سے جانتے ہیں اور اس طرح کے الزامات سے انہیں بالکل حیرانگی نہیں ہوئی۔

ہاروی وائن سٹین کے سکینڈل نے ہالی ووڈ کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور تمام بڑے فنکار اس معاملے پر اپنے ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔

امریکہ سے باہر بھی اس معاملے کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ برٹش فلم اکیڈمی نے کہا ہے کہ اُس نے فوری طور پر وائن سٹین کی رکنیت معطل کر دی ہے۔

XS
SM
MD
LG