رسائی کے لنکس

حفظانِ صحت اصلاحات، اوباما کا بِل کی حمایت کے حصول پر زور


ایسے وقت میں جب ارکانِ کانگریس اہمیت کی حامل ووٹنگ کی تیاری کر رہے ہیں، امریکی صدر براک اوباما مباحثے کے آخری مرحلوں میں اُس بِل کی حمایت کے حصول پر زور دے رہے ہیں، جو، اُن کے بقول، امریکہ میں ہیلتھ انشورنس کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کُن حیثیت رکھتی ہے۔

مسٹر اوباما نے واشنگٹن سے باہرایک اجتماع سےاپنے خطاب میں کہا کہ اگر امریکی ایوانِ نمائندگان میں اتوار کو ہونے والی ووٹنگ ناکام ہوگئی ، تو پھر امریکہ میں انشورنس کی صنعت قابو سےباہر ہوجائے گی۔ اُنھوں نے کہا کہ حفظانِ صحت کے بِل پر ‘ہاں’ میں ووٹ کا مطلب امریکی لوگوں کی فتح ہوگی۔

کانگریس کو مسودہٴ قانون کی منظوری پر آمادہ کرنے کی خاطر، انتظامیہ عوام کی حمایت کے حصول کے لیے زبردست کوشش کر رہی ہے۔

نجی طور پر، مسٹر اوباما ایوانِ نمائندگان کےاُن ارکان کے ووٹ حاصل کرنے کی تگ و دو میں ہیں، جو یہ کہتے ہیں کہ وہ وسیع تبدیلیاں لانے والےحفظانِ صحت میں اصلاحات کے بِل کے بارے میں کسی حتمی رائے تک نہیں پہنچ پائے ہیں۔

حزبِ اختلاف ری پبلیکن پارٹی ارکان یہ کہتے ہوئے کہ یہ مہنگا معاملہ ہے اور حکومت کی طرف سے حفظانِ صحت کو اپنی تحویل میں لینے کے مترادف ہے، شروع ہی سے اِس بِل کی مخالفت کر رہے ہیں۔

امریکی سینیٹ نے گذشتہ برس حفظانِ صحت کے بِل کو منظور کیا تھا اور ایوانِ نمائندگان اتوار کو ووٹ دے گا۔ منظور ہونے کی صورت میں کانگریس کے دونوں ایوان کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ وہ اصلاحات کے منصوبے میں مجوزہ تبدیلیوں کو شامل کرنے یا نہ کرنے کے سوال پر بھی ووٹ ڈالیں۔

وائیٹ ہاؤس اور ایوان میں ڈیمو کریٹک پارٹی کے راہنما ؤں کا خیال ہے کہ اُنھیں کم از کم 216نمائندوں کے ووٹ ملیں گے، جو کانگریس کے ایوانِ زیریں میٕں اُس سادہ اکثریت کے برابر ہے، جوبِل کی منظوری کے لیے کافی ہوتی ہے۔

مسٹر اوباما جمعرات کو انڈونیشیا اور آسٹریلیا کے دورے پر روانہ ہونے والے تھے، لیکن اُنھوں نے جون تک اپنے دورے کو مؤخر کردیا تاکہ وہ ووٹ اور بعد کے کانگریسی اقدام تک کے لیے واشنگٹن میں ہی ہوں۔

جمعرات کے دِن کانگریس کے خودمختار بجٹ دفتر نے کہا کہ پہلے دس برسوں کے دوران حفظانِ صحت کےمنصوبہ پر940ارب ڈالر کے اخراجات آئیں گے۔ دفتر نے بتایا کہ اِسی عشرے میں وفاقی خسارے میں 130ارب ڈالر کی کمی آئے گی، اور اُس سے اگلے دس برسوں میں قومی قرض میں دس کھرب ڈالر کی کمی آئے گی۔

XS
SM
MD
LG