رسائی کے لنکس

امریکہ کے جنوبی مغربی ریاستوں میں شدید گرمی، چار افراد ہلاک


فائل
فائل

گرمی کے باعث ریاست ایریزونا کے شہر فینکس سے اڑنے والی 20 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

امریکہ کی جنوب مغربی ریاستوں میں شدید گرمی سے کم از کم چار افراد ہلاک اور درجنوں پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں جب کہ معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پیر سے شروع ہونے والی گرمی کی شدید لہر سے ریاست کیلی فورنیا کی سانتا کلارا کاؤنٹی میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک 72 سالہ بے گھر شخص بھی شامل ہے جس کی لاش ایک گاڑی سے برآمد ہوئی ہے۔

دیگر دو افراد ریاست نیو میکسیکو کے کارلس بیڈ کیورنز نیشنل پارک میں ہلاک ہوئے ہیں۔

ہلاک شدگان میں ایک 57 سالہ شخص اور اس کا 21 سالہ بیٹا شامل ہیں جو ٹیکساس کے رہائشی تھے اور ہائیکنگ کے لیے پارک گئے تھے۔

نیومیکسیکو کی اسٹیٹ پولیس کے مطابق دونوں افراد کی موت انتہائی گرمی کی وجہ سے ہوئی ہے۔

امریکہ کی نیشنل ویدر سروس کے مطابق گرمی کی حالیہ لہر ہوا کے شدید دباؤ کے باعث آئی ہے جو 'فور کارنرز' ریجن کے اوپر موجود ہے جہاں امریکہ کی چار ریاستوں - کولوراڈو، یوٹاہ، نیو میکسیکو اور ایریزونا – کی سرحدیں ملتی ہیں۔

ہوا کے اس شدید دباؤ کے باعث علاقے میں درجۂ حرارت معمول سے کہیں زیادہ بلند ہے اور حکام نے لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے اور زیادہ پانی پینے کا مشورہ دیا ہے۔

گرمی کے باعث ریاست ایریزونا کے شہر فینکس سے اڑنے والی 20 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جب کہ لاس ویگاس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بھی پروازوں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ایوی ایشن ماہرین کے مطابق شدید گرم ہوا سے ہوائی جہازوں کے انجن کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہوتا ہے جس کے پیشِ نظر پروازیں منسوخ یا موخر کی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG