رسائی کے لنکس

ممبئی: بارشوں کا 46 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، شہر میں سیلابی صورتِ حال


ممبئی کے مختلف علاقوں بارشوں کے بعد زیرِ آب آگئے ہیں۔
ممبئی کے مختلف علاقوں بارشوں کے بعد زیرِ آب آگئے ہیں۔

بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے شہر ممبئی میں ایک ہفتے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہے۔ شہر میں گزشتہ 12 گھنٹے کے دوران 294 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس نے بارش کا 46 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

ممبئی میں یکم اگست سے اب تک 2319 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جس کے بعد ہر طرف پانی ہی پانی ہے اور کئی علاقوں میں بارش کا پانی لوگوں کے گھروں میں بھی داخل ہو گیا ہے۔

شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے نتیجے میں ممبئی کے جنوبی علاقوں میں ہر طرف تباہی مچ گئی اور سیکڑوں درخت زمین سے اکھڑ گئے۔ پانی جمع ہونے سے بس اور ٹرین سروس بھی معطل ہو گئیں۔

ممبئی کے قدیم علاقے کولابا میں بدھ کی علی الصباح شروع ہونے والی بارش رات ساڑھے آٹھ بجے تک جاری رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کولابا میں 294 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو 1974 کے بعد ہونے والی سب سے زیادہ بارش ہے۔

اسی طرح ممبئی کے ساحلی علاقوں میں 229 ملی میٹر اور سینٹاکروز میں دو روز کے دوران 459 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔

ریاست مہاراشٹرا میں شدید بارشوں کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی 15 ٹیموں کو امدادی سرگرمیوں کے لیے مختلف علاقوں کو روانہ کیا گیا ہے جن میں سے پانچ ٹیمیں ممبئی بھیجی گئی ہیں۔

ممبئی ہائی کورٹ نے سیلابی صورتِ حال کے باعث جمعرات کو ہونے والی تمام سماعتیں منسوخ کر دی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کو بارش کی شدت کم ہو گئی ہے اور سیلابی صورتِ حال کا سامنا کرنے والے علاقوں میں پانی کا بہاؤ کم ہو رہا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران 60 سے 70 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں اور مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

وزیرِ اعظم نریندر مودی نے وزیرِ اعلیٰ اودھیو ٹھاکرے سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور بارش کے باعث پیدا ہونے والی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں ہر طرح کی مدد کی یقنی دہانی بھی کرائی۔

XS
SM
MD
LG