رسائی کے لنکس

اسماعیلی برادری پر ’وحشیانہ حملہ‘، کیری کا اظہار یکجہتی


’اِس المناک دِن، امریکی عوام پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ایسے میں جب اس وحشتناک حملے پر ہم عالمی اسماعیلی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیئے: ایک دوسرے کے لیے ہمارے جذبات میں قربت اور ہمارے مابین عزت اور یکجہتی میں اضافہ ہورہا ہے۔۔۔‘

بدھ کو کراچی میں بس پر ہونے والے ’وحشیانہ حملے‘ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے، امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے امریکی عوام کی جانب سے پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے،کہا ہے کہ ’اس المناک دِن پر ہم عالمی اسماعیلی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں‘۔

جمعرات کو جاری ہونے والے ایک بیان میں، وزیر خارجہ نے کہا ہے ’میں 13 مئی کو کراچی میں ہونے والے مہلک حملے کی سخت مذمت کرتا ہوں، جس کے نتیجے میں اسماعیلی برادری کے درجنوں ارکان ہلاک ہوئے‘۔

بقول اُن کے، ’اِس المناک دِن، امریکی عوام پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ایسے میں جب ہم اس وحشتناک حملے پر ہم عالمی اسماعیلی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیئے: ایک دوسرے کے لیے ہمارے جذبات میں قربت اور ہمارے مابین عزت اور یکجہتی میں اضافہ ہورہا ہے، اور کسی دہشت گرد حملے کی صورت میں قربت کے جذبات میں پہلے سے زیادہ اضافہ ہو جاتا ہے۔‘

امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ’ہلاک شدگان کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ، میں اپنے قریبی، معزز دوست، عزت ماب آغا خان کے ساتھ ذاتی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، جو اسماعیلی برادری کی قیادت کرتے ہیں، اور جنھوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں بہت سارے اہم ترقیاتی اور تعلیمی منصوبوں میں قابل قدر سرمایہ کاری کی ہے‘۔

بقول اُن کے، مجرموں کو قرار واقعی سزا دینے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی ہم مکمل حمایت کرتے ہیں؛ اور اس المناک حملے کی تفتیش کے سلسلے میں درکار اعانت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

XS
SM
MD
LG