رسائی کے لنکس

ہیرا پھیری تھری: کیا راجو کا کردار اکشے کمار کی جگہ کارتک آریان کریں گے؟


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بالی وڈ کی مشہور کامیڈی فرنچائز 'ہیرا پھیری' کے سیکوئل میں ایک نئے چہرے کو شامل کیے جانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے جس پر اکشے کمار کے مداحوں کو شبہ ہے کہ یہ نیا چہرہ ان کے پسندیدہ 'راجو' کا کردار ادا کرے گا۔

جمعے کو ہیرا پھیری کے 'بابو بھائی' یعنی اداکار پاریش راول نے ٹوئٹر کے ذریعے بتایا کہ 'ہیرا پھیری تھری' کی کاسٹ میں ایک نئے چہرے کو شامل کیا جا رہا ہے۔

ایک مداح نے اداکار پاریش راول کو ٹیگ کر کے سوال کیا کہ "کیا یہ بات درست ہے کہ ہیرا پھیری تھری میں کارتک آریان بھی اداکاری کریں گے؟"

پاریش روال نے مداح کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ "جی یہ درست ہے۔"

بعد ازاں سوشل میڈیا پر اداکار اکشے کمار کے مداحوں کی جانب سے ردِ عمل سامنے آ رہا ہے۔

مداحوں کو شبہ ہے کہ اداکار کارتک آریان 'راجو' کا کردار ادا کریں گے۔

اس سے قبل اداکار کارتک آریان کو معروف فرنچائز 'بھول بھلیہ' کے سیکوئل میں اداکار اکشے کمار کی جگہ کاسٹ کیا گیا تھا۔

'بھول بھلیہ ٹو' میں بھی اکشے کمار کی جگہ کارتک آریان کو کاسٹ کرنے پر ان کے مداحوں نے غم و غصے کا اظہار کیا گیاتھا۔

نزاکت راتھر کہتے ہیں کہ اکشے کمار کے بغیر ہیرا پھیری تھری نا مکمل ہے۔

ابھیشیک کہتے ہیں کہ اکشے کمار کے بغیر ہیرا پھیری تھری ایسی ہے جیسے روح کے بغیر جسم۔

فلمی نقاد کے آر کے نے کہا کہ "بھول بھلیہ ٹو میں بھی اکشے کمار کی جگہ کارتک آریان کو کاسٹ کیا گیا تھا، کارتک ہیرا پھیری تھری کی کاسٹ میں بھی شامل ہوگئے ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ اکشے کمار کی تین فرنچائز میں ان کی جگہ کارتک کا انتخاب کیا گیا ہے اس کی وجہ کیا ہے؟

سوشل میڈیا پر سنیل شیٹھی کی بھی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ان سے سوال کیا جاتا ہے کہ ہیرا پھیری تھری آںے والی ہے جس میں اکشے کمار نہیں ہوں گے؟

اس سوال کے جواب میں سنیل شیٹھی کہتے ہیں کہ ہیرا پھیری تھری میں اگر اکشے نہیں ہوں گے تو وہ فلم بنے گی ہی نہیں۔

یاد رہے کہ جب رواں برس 'ہیرا پھیری تھری' کا اعلان کیا گیا تو اکشے کمار کے مداح انہیں دیکھنے کے لیے بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔ تاہم فلم انتظامیہ کی جانب سے اس بات کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیاکہ کارتک آریان کو اکشے کمار کی جگہ کاسٹ کیا جا رہا ہے۔

'ہیرا پھیری' سن 2000 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں اکشے کمار، پاریش روال، سنیل شیٹھی اور تبو نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

بعد ازاں سن 2006 میں اس کا دوسرا حصہ 'پھر ہیرا پھیری' ریلیز ہوا جس میں پرانی کاسٹ کے ساتھ بپاشا باسو، راجپال یادو سمیت دیگر نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

XS
SM
MD
LG