رسائی کے لنکس

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل جرمنی میں سفیر تعینات


پاکستانی دفتر خارجہ نے 21 ممالک میں اپنے سفیروں، ہائی کمشنروں اور قونصل جنرلز کے تبادلے کا اعلان کیا ہے۔ تبدیل ہونے والوں میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل بھی شامل ہیں، جنہیں جرمنی میں پاکستان کا سفیر تعینات کیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق، جنوبی کوریا میں پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی کو ایران، پولینڈ میں سفیر شفقت علی خان کو روس، ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل جرمنی، ایڈیشنل سیکرٹری محمد ندیم خان کو یونان، جرمنی میں سفیر جوہر سلیم کو اٹلی، ڈی جی یورپ ملک محمد فاروق کو پولینڈ، برلن میں موجود مریم مدیحہ آفتاب کو بلغاریہ جب کہ ترکی میں تعینات منسٹر سید علی اسد گیلانی کو ازبکستان میں سفیر تعینات کیا گیا ہے۔

ادھر، سٹاک ہوم میں تعینات منسٹر عرفان احمد کو ترکمانستان میں سفیر تعینات کیا جا رہا ہے۔ کینبرا میں تعینات منسٹر خالد اعجاز کو ارجنٹائن، ڈی جی فارن آفس ڈاکٹر ظفر اقبال رومانیہ، ڈی جی فارن آفس احمد فاروق ڈنمارک اور آذربائیجان میں تعینات سفیر ڈاکٹر سعید خان کے عرصہ تعیناتی میں چھ ماہ کی توسیع کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

دفتر خارجہ نے دو فوجی افسران کو بھی پوسٹنگ دی ہے جس میں سابق ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی کو اردن میں جبکہ وائس ایڈمرل اطہر مختار کو مالدیپ میں سفیر مقرر کیا گیا ہے۔

سردار اظہر طارق خان کو کرغزستان میں سفیر، جبکہ زاہد حسین کو فرینکفرٹ میں قونصل جنرل، ثمینہ مہتاب کو قونصل جنرل شانگڈو اور محمد طارق وزیر کو مانچسٹر میں قونصل جنرل مقرر کر دیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق، اس فہرست کی وزیر اعظم عمران خان نے باقاعدہ منظوری دیدی ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں یہ افسران اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل جو جنوبی ایشیا تعاون تنظیم (سارک) کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر بھی کام کر رہے تھے ان کے جرمنی میں تعیناتی کے بعد، بتایا جاتا ہے کہ عائشہ فاروقی کو بطور ترجمان دفتر خارجہ تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔

XS
SM
MD
LG