رسائی کے لنکس

مصر کے اغوا شدہ طیارے کا ہائی جیکر گرفتار


قبرص کے حکام کے مطابق گرفتار کیے گئے شخص کی شناخت سیف الدین مصطفیٰ کے طور پر ہوئی لیکن طیارے کو اغوا کرنے کے محرکات تاحال واضح نہیں۔

مصر کی قومی فضائی کمپنی ’’ایجپٹ ایئر‘‘ کے منگل کی صبح اغوا ہونے والے ایک طیارے کا معاملہ حل ہوگیا ہے اور جہاز ہائی جیک کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

یہ طیارہ مصر کے ساحلی شہر اسکندریہ سے دارالحکومت قاہرہ جاتے ہوئے اغوا کر لیا گیا تھا جسے قبرص کے ایک ہوائی اڈے پر اتار لیا گیا۔

قبرص کی وزارت خارجہ کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ اغوا کار کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور یہ معاملہ "ختم" ہو گیا ہے۔

مصر کی حکومت کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ہائی جیکر طیارے کو استنبول لے جانا چاہتا تھا مگر طیارے کے کیپٹن نے اسے بتایا کہ اس کے پاس اتنے طویل سفر کے لیے ایندھن موجود نہیں جس کے بعد اسے قبرص کے شہر لارنکا کے ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔

خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق قبرص کے حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں سوار تمام افراد کو بحفاظات اتارا جا چکا ہے۔

اسکندریہ ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر حسنی حسن نے بتایا تھا کہ جہاز پر آٹھ امریکی شہریوں سمیت 55 افراد سوار تھے۔

قبرص کے حکام کے مطابق گرفتار کیے گئے شخص کی شناخت سیف الدین مصطفیٰ کے طور پر ہوئی لیکن طیارے کو اغوا کرنے کے محرکات تاحال واضح نہیں۔

بعض اطلاعات کے مطابق یہ شخص اپنی ایک سابقہ بیوی سے ملنے کا مطالبہ کر رہا تھا جو کہ قبرص میں رہتی ہے جب کہ ایسی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کہ اس نے اپنے جسم سے بارودی مواد کے بندھے ہونے کا بتایا تھا۔

XS
SM
MD
LG