رسائی کے لنکس

روس کا مسافر طیارہ حادثے کا شکار، 62 افراد ہلاک


’فلائی دبئی‘ کے مطابق مسافروں میں 33 خواتین، 18 مرد اور چار بچے شامل تھے جب کہ اس کے علاوہ ہلاک ہونے والوں میں عملے کے سات ارکان بھی شامل ہیں۔

روس میں حکام کے مطابق دبئی سے روسی شہر روستوو اونڈون پہنچنے والا طیارہ ہفتہ کو ہوائی اڈے پر اترتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گیا اور اس پر سوار تمام 62 افراد ہلاک ہو گئے۔

’فلائی دبئی‘ کی فلائیٹ (FZ981) پر 55 مسافر اور عملے کے سات افراد سوار تھے۔

روس کے صدر ولادیمر پوٹن نے کہا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے افراد کے رشتہ داروں کی معاونت ترجیح ہے۔

روس میں ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کی وزارت نے کہا ہے کہ بوئنگ 800-737 کو یہ حادثہ ہفتے کی صبح پیش آیا۔

’فلائی دبئی‘ اور طیارہ ساز کمپنی بوئنگ دونوں نے ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

’فلائی دبئی‘ کے مطابق مسافروں میں 33 خواتین، 18 مرد اور چار بچے شامل تھے اور وہ تمام ہی روس کے شہری تھے لیکن طیارے کے عملے کے افراد کی شہریت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

حادثے کی وجہ تو فوری طور پر معلوم نا ہو سکی لیکن بتایا جاتا ہے کہ بظاہر کم روشنی اور خراب موسم اس حادثے کا سبب ہو سکتے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’رائیٹرز‘ کے مطابق طیارے نے ہوائی اڈے پر اترنے کی پہلی کوشش کو ترک کر دیا اور دوبارہ لینڈنگ کی کوشش کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔

اس حادثے کے بعد روستوف اونڈون پر اترنے والی دیگر پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔

گزشتہ سال اکتوبر میں ایک روسی مسافر طیارہ مصر میں گر کر تباہ ہو گیا تھا، طیارے پر 224 افراد سوار تھے۔ روسں کا کہنا ہے کہ مصر کی فضا میں اُس کے طیارے کے تباہ ہونے کی وجہ ایک بم تھا۔

XS
SM
MD
LG