رسائی کے لنکس

اسٹیٹ آف ٹیرر: ہلری کلنٹن کی نئی کتاب اکتوبر میں آئے گی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کی سابق خاتونِ اوّل، سابق وزیرِ خارجہ اور 2016 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ڈیموکریٹس کی صدارتی امیدوار ہلری کلنٹن کی ایک کتاب جلد منظرِ عام پر آنے والی ہے۔

کتاب کے ناشر 'سائمن اینڈ شسٹر' اور 'سینٹ مارٹنز پریس' ہیں۔ جن کا کہنا ہے کہ ہلری کلنٹن نے یہ کتاب کینیڈین مصنفہ لوئز پینی کے ساتھ مل کر لکھی ہے جو رواں برس اکتوبر میں شائع ہو گی۔

پبلشرز کے مطابق 'اسٹیٹ آف ٹیرر' نامی کتاب 12 اکتوبر کو کتب خانوں کی زینت بنے گی۔ یہ کتاب ایک ایسی وزیرِ خارجہ کی کہانی سنائے گی جو ایسے دور میں فرائض انجام دے رہی تھیں جب "تواتر سے ہونے والے دہشت گرد حملوں نے عالمی امن کو بدنظمی میں دھکیل دیا۔"

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق اگرچہ کتاب میں کھل کر سابق صدر ٹرمپ کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا لیکن پبلشرز کے مطابق یہ کتاب "ان چار برس بعد شائع کی جا رہی ہے جن کے دوران امریکہ کی لیڈر شپ عالمی منظر نامے پر سکڑ گئی تھی۔"

دوسری جانب ہلری کلنٹن نے کینیڈین مصنفہ کے ساتھ کتاب لکھنے کو ایک خواب پورا ہونے سے تعبیر کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ لوئز پینی کی ہر کتاب، ان میں تراشے گئے تمام کردار مجھے راحت بخشتے ہیں اور ان کی دوستی بھی۔

ہلری کلنٹن نے کہا کہ اب ہم اپنے تجربات کی روشنی میں مفادات اور خیانت سے بھری سفارت کاری کی پیچیدہ دنیا دکھانے کی کوشش کریں گے۔ کیوں کہ سب کچھ ویسا نہیں ہوتا جیسا پہلے دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔

کینیڈین مصنفہ لوئز پینی نے کہا ہے کہ کلنٹن کے ساتھ لکھنا ایک یادگار تجربہ تھا۔ انہیں ایسا لگا کہ جیسے وہ ایک طرح سے وزارتِ خارجہ، وائٹ ہاؤس یا پھر وزیرِ خارجہ کے دماغ میں داخل ہو گئی ہوں۔

پینی نے کہا کہ ہم نے کتاب لکھنے سے پہلے ہلری کلنٹن سے ان کی وزارت کے دور کے بارے میں بات کی کہ اس وقت ان کا بھیانک ترین خواب کیا تھا؟ جواباً کلنٹن نے کہا کہ "اسٹیٹ آف ٹیرر" یعنی خوف و دہشت کی حالت۔

واضح رہے کہ افسانہ نگاری کی دنیا میں قدم رکھ کر ہلری کلنٹن بھی اپنے شوہر اور امریکہ کے سابق صدر بل کلنٹن کے نقشِ قدم پر چل رہی ہیں۔ گزشتہ سال جون میں بل کلنٹن کا ایک سیاسی ناول شائع ہوا تھا۔ 'دی پریزیڈنٹس ڈاٹر' یا صدر کی بیٹی کے عنوان سے چھپنے والا یہ ناول سابق صدر نے امریکی مصنف جیمز پیٹرسن کے ساتھ مل کر لکھا تھا۔

بل کلنٹن اور پیٹرسن نے 2018 میں بھی ایک کتاب لکھی تھی جس کا عنوان تھا 'دی پریزیڈنٹ از مسنگ۔' یہ کتاب وائٹ ہاؤس میں دہشت گردوں کی جانب سے ہونے والے سائبر حملے کے بارے میں تھی۔ اس کتاب کی 30 لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت ہوئی تھیں۔

ہلری کلنٹن کے ساتھ کتاب لکھنے والی مصنفہ پینی کا شمار بھی ان لکھاریوں میں ہوتا ہے جن کی کتابیں ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوتی ہیں۔ ان کی ایک کتاب کا 31 زبانوں میں ترجمہ ہو چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG