رسائی کے لنکس

معروف امریکی فن کاروں کے گھروں کو میوزیم بنانے کی مہم


معروف امریکی فن کاروں کے گھروں کو میوزیم بنانے کی مہم
معروف امریکی فن کاروں کے گھروں کو میوزیم بنانے کی مہم

دنیا کے ہر ملک کے ، کسی نہ کسی علاقے میں ، عموماً کوئی نہ کوئی ایسی عمارت ضرور موجود ہوتی ہے ، جو مختلف وجوہات کی بنا پر لوگوں کے لئے خاص کشش رکھتی ہے۔ امریکہ میں موجود ایسی ہی عمارتوں میں سابق صدر جارج واشنگٹن اور مشہور گلوکار ایلوس پریسلے کے مکان سمیت ماضی کے کئی معروف فن کاروں کی رہائش گاہیں بھی شامل ہیں ، جنہیں دیکھنے بڑی تعداد میں سیاح اور ان کے پرستار جاتے ہیں۔ ان دنوں ، ان تاریخی عمارتوں کو سیاحت کے لیےمحفوظ بنانے کا کام کیا جارہا ہے۔

امریکی ریاست ورجینیا کے علاقے ونچسٹر میں اس چھوٹے سے مکان کے دروازے سیاحوں کے لیےاس سال اگست میں کھولے گئے۔ یہ امریکہ کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی اس گلوکارہ کا گھر تھا جس کا انتقال 30 برس کی عمر میں ہوا تھا۔

پیٹسی کلین کی البم Greatest Hits کی ایک کروڑ سے زائد کاپیاں فروخت ہوئی تھیں۔ وہ اس مکان میں اپنے خاندان کے ساتھ 16 سے 21 برس کی عمر تک رہیں۔

وہ جب اس گھر میں رہنے آئیں تواپنے کیرئیر کے ابتدائی اور مشکل مرحلے میں تھیں۔ وہ اس وقت مقامی پروگرامز اور کلیسائیوں میں گاتی تھیں۔

اس گھر کی تزئین و آرائش میں ان کی کزن برینن کی بچپن کی یادوں کا بہت ہاتھ ہے، جنہیں مدِ نظر رکھتے ہوئے یہ گھر اسی طرح سجانے کی کوشش کی گئی جیسا یہ 40 کے عشرے میں تھا۔ انہیں خوشی ہے کہ تقریبا 50ً سال پہلے ایک ہوائی حادثے میں جان گنوانے والی ان کی کزن کی یاد اس گھر کی صورت میں زندہ رکھی جا رہی ہے۔

اسی طرح بیب رتھ کو بیس بال کی تاریخ کا بہترین کھلاڑی مانا جاتا ہے۔ وہ امریکی ریاست میری لینڈ کے علاقے بالٹی مور کے ایک گھر میں پیدا ہوئے۔ان کے اس پرانے گھر کو اب ایک عجائب گھر کا درجہ دے دیا گیاہے۔

ان کے پیدائشی گھر کو60 کے عشرے میں گرا دیئے جانے کا منصوبہ تھا ۔ لیکن بالٹی مور کے رہنے والوں نے اسے بچانے کی مہم چلائی اور گذشتہ 40 سال سے اس عجائب گھرمیں سیاح دلچسپی لے رہے ہیں ۔

تین مکانوں کو ملا کر بنائے جانے والے اس عجائب گھر میں بیس بال کے اس سٹار کھلاڑی کی بہت سی اشیاء موجود ہیں ۔ جن میں ان کے بچپن اور بالٹی مور میں ان کے کیرئیر کے ابتدا ئی ادوار کی جھلک بھی نظر آتی ہے ۔
بالٹی مور کا ایک اور قدیم گھرامریکہ کے ایک مشہور مصنف ایڈگر ایلن پوکا تھا۔ جو اپنی ڈراؤنی نظموں اور کہانیوں کے لیے مشہور ہیں۔اس گھر کے نگران جیف جروم کہتے ہیں کہ ہمارا خیال ہے کہ وہ اس گھر میں 1832 سے 1835 تک مقیم رہے۔ اس وقت ان کی عمر پچیس برس کے قریب تھی۔ اور وہ اس گھر میں اپنے دو کزنزاور نانی کے ساتھ رہتے تھے۔

ایڈگر ایلن پو 40 برس کی عمر میں بالٹی مور میں پراسرار حالات میں وفات پا گئے تھے ۔ جیروم کا کہنا ہے کہ لوگ دور دور سے ان کی قبر اور مکان کو دیکھنے آتے ہیں۔

انہیں امید ہے کہ مستقبل میں بھی یہ گھر سیاحوں اور مداحوں کے لیے کھلا رہے گا۔

XS
SM
MD
LG