رسائی کے لنکس

قدرتی آفت میں پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے: امریکہ کی یقین دہانی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی ہیلی کاپٹروں نے اب تک1200 افراد کو بچایا ہے جب کہ 70 ہزار کمبل ، ہزاروں کی تعداد میں پلاسٹک کی چادریں اور دوسرا سامان، حلال کھانے کے پانچ لاکھ یونٹ اور پینے کے پانی کو محفوظ بنانے کے لیے پانچ لاکھ واٹر ٹیبلٹس وغیرہ مہیا کی جاچکی ہیں۔

پاکستان کے سیلاب زدگان کے ساتھ اس مشکل گھڑی میں امریکہ نے یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ہم اس کٹھن وقت میں پاکستان کے عوام کے ساتھ ہیں اور اس انسانی المیے کا مل کرمقابلہ کریں گے۔

پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی رچرڈ ہالبرک کی ٹیم کی ایک سینئیر رکن نیرہ حق نے وائس آف امریکہ کے رضی احمد رضوی کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ امریکہ اب تک 70 ملین ڈالر کی امداد کا وعدہ کرچکا ہے جو 10 ملین ڈالر کی اس امداد کے علاوہ ہے جس کا اعلان وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ امداد ایک جاری عمل ہوگی اور طویل المدت بنیاد پر مہیا کی جاتی رہے گی۔

انہوں نے بتایا کہ امریکی ہیلی کاپٹروں نے اب تک1200 افراد کو بچایا ہے جب کہ 70 ہزار کمبل ، ہزاروں کی تعداد میں پلاسٹک کی چادریں اور دوسرا سامان، حلال کھانے کے پانچ لاکھ یونٹ اور پینے کے پانی کو محفوظ بنانے کے لیے پانچ لاکھ واٹر ٹیبلٹس وغیرہ مہیا کی جاچکی ہیں۔ اس کے علاوہ پہلے سے تیار شدہ 12 پل بھی بھیجے گئے ہیں۔

ان کا کہناتھا کہ پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کے لیے پلانٹ بھی لگائے گئے ہیں تاکہ وبائی بیماریوں کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔

نیرہ حق نے کہا کہ امریکی امداد کسی اور وجہ سے نہیں بلکہ صرف پاکستانی عوام کی مدد اور بحالی کے لیے دی جارہی ہے اور ہم پاکستان کے لوگوں کے ساتھ شانہ بشانہ اس قدرتی آفت کا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG