رسائی کے لنکس

ہانگ کانگ: کاروباری شخصیات کا بدعنوانی کے الزام سے انکار


ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے ایشیا کے دو امیر ترین کاروباری افراد نے خود پر عائد کیے جانے والے بدعنوانی کے الزامات کی تردید کی ہے۔

ریمنڈ کواک اور تھامس کواک نامی ارب پتی بھائی ہانگ کانگ میں وسیع جائیدادوں کے مالک ہیں اور ان کی دولت کا تخمینہ 18 ارب ڈالر سے زائد لگایا جاتا ہے۔

پولیس نے دونوں بھائیوں کو سرکاری حکام کو رشوت دینے کے الزام میں گزشتہ ہفتے حراست میں لے کر تفتیش کی تھی جس کے بعد منگل کو وہ پہلی بار منظرِ عام پر آئے اور خود پر عائد الزامات کی تردید کی۔

کواک برادران کا کہنا تھا کہ انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا ہے اور ان کے بقول انہیں جن سرگرمیوں کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا ان کا تعلق ان کے معمول کے جائیدادوں کے کاروبار سے تھا۔

تاجروں نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس کی تفتیش کے باوجود ان کی کمپنی 'سن ہونگ کائی پراپرٹیز' جائیدادوں کی خرید و فروخت اور تعمیرات کے اپنے منصوبوں پر عمل درآمد جاری رکھے گی۔

بدعنوانی اور رشوت دینے سے متعلق اس اسکینڈل کو حالیہ دہائیوں میں ہانگ کانگ کا سب سے بڑا اسکینڈل قرار دیا جارہا ہے۔ معاملے کی تفتیش کے سلسلے میں پولیس نے گزشتہ ہفتے شہر کے ایک سابق اعلیٰ عہدیدار کو بھی حراست میں لے لیا تھا۔

XS
SM
MD
LG