رسائی کے لنکس

ہانگ کانگ سپر سکسز کا آغاز ہفتے کو ہوگا


دو روزہ ٹورنامنٹ میں کل آٹھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

ہانگ کانگ میں ہونے والے سالانہ 'سپر سکسز' ٹورنامنٹ کا آغاز ہفتے سے ہورہا ہے جس میں دفاعی چیمپئن پاکستان اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔

دو روزہ ٹورنامنٹ میں کل آٹھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ 'اے' میں میزبان ہانگ کانگ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ شامل ہیں جب کہ گروپ 'بی' پاکستان، نیدرلینڈز، سری لنکا اور بھارت پر مشتمل ہے۔

ایونٹ کے پہلے روز 12 گروپ میچز کھیلے جائیں گے جن میں ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر تین ٹیموں کے مقابل آئے گی۔ ایونٹ کے دوسرے روز سیمی فائنل اور فائنل مقابلے ہوں گے۔

واضح رہے کہ ہانگ کانگ کے 'کولون کرکٹ کلب' میں 1992ء سے ہونے والے اس سالانہ ٹورنامنٹ کو بین الاقوامی کرکٹ کے منتظم ادارے 'آئی آئی سی' کی منظوری حاصل ہے۔

خاص طور پہ ٹی وی ناظرین کے لیے مرتب کیے جانے والے اس منفرد کرکٹ فارمیٹ میں ہر ٹیم چھ کھلاڑیوں جب کہ ایک اننگز پانچ اوور پر مشتمل ہوتی ہے ۔ جارحانہ بیٹنگ اور زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کی روایت اور ہر کھلاڑی پر ایک اوور کرانے کی پابندی کے باعث اس ٹورنامنٹ میں عموماً 'آل رائونڈرز' ہی شریک ہوتے ہیں۔

رواں برس ٹورنامنٹ میں کامران اکمل کی قیادت میں شرکت کرنے والی پاکستانی ٹیم عمراکمل، اویس ضیا، حماد اعظم، یاسر شاہ، جنید خان اور تنویر احمد پر مشتمل ہے۔ واضح رہے کہ ٹیم میں شامل ساتواں کھلاڑی متبادل کے طور پر شریک ہوتا ہے۔

گزشتہ برس ہونے والے ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے کر پانچویں بار ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
XS
SM
MD
LG