رسائی کے لنکس

یمن: حوثی باغیوں نے امریکی شہری یرغمال بنالیے


فائل
فائل

'واشنگٹن پوسٹ' نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثی باغیوں نے چاروں امریکی شہریوں کو دارالحکومت صنعا کے مرکزی جیل میں قید رکھا ہوا ہے۔

امریکہ کے ایک اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن میں حکومت کے خلاف بغاوت کرنے والے حوثی قبائلیوں نے کم از کم چار امریکی شہریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے جن کی رہائی کے لیے اب تک کی جانے والی تمام کوششیں ناکامی سے دوچار ہوئی ہیں۔

اخبار 'واشنگٹن پوسٹ' نے اتوار کو اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ حوثی باغیوں نے چاروں امریکی شہریوں کو دارالحکومت صنعا کے مرکزی جیل میں قید رکھا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب اتحاد کے جنگی طیارے صنعا کی جیل اور اس کے گرد نواح میں مسلسل بمباری کرتے رہے ہیں جس کا مقصد حوثی باغیوں کو پسپا کرنا ہے۔

'واشنگٹن پوسٹ' نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ باغیوں نے تاحال ایسا کوئی بیان نہیں دیا ہے جس سے پتا چل سکے کہ ان چاروں امریکی شہریوں کو کس بنیاد پر قید کیا گیا ہے۔ لیکن اخبار کے مطابق ان کی قید کا ایک مقصد باغیوں کی جانب سے امریکہ کے ساتھ لین دین کرکے اپنی شرائط منوانا بھی ہوسکتا ہے۔

اخبار کے مطابق باغیوں کی تحویل میں موجود ایک امریکی شہری کو رہائی کا پروانہ بھی مل گیا تھا لیکن باغیوں نے اس کی رہائی کے فیصلے کو معطل کردیا ہے۔

اخبار کا کہنا ہے کہ تین امریکی قیدی یمن میں نجی شعبے میں ملازمت کرتے تھے جب کہ یمن اور امریکہ کی دہری شہریت کے حامل چوتھی قیدی کا پیشہ معلوم نہیں ہوسکا ہے۔

'واشنگٹن پوسٹ' نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ وہ قیدیوں سے متعلق بعض معلومات امریکی حکام اور قیدیوں کے اہلِ خانہ کی درخواست پر شائع نہیں کر رہا جنہیں خدشہ ہے کہ قیدیوں کے بارے میں معلومات کی اشاعت سے ان کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

یمن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر سعودی عرب اور دیگر عرب ملکوں کے فضائی حملوں کو دو ماہ مکمل ہوچکے ہیں لیکن باغی تاحال اپنے مورچوں پر ڈٹے ہوئے ہیں اور کوئی ایک بڑا شہر بھی ان کے قبضے سے آزاد نہیں کرایا جاسکا ہے۔

XS
SM
MD
LG