رسائی کے لنکس

ہیومن رائٹس واچ کا وزیرِ اعظم کے نام خط، انسانی حقوق پر توجہ دینے پر زور


ہیومن رائٹس واچ نے یہ بات پاکستان کے نومنتخب وزیر اعظم کے نام منگل کو لکھے گئے ایک کھلے خط میں کہی ہے۔ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لیے حکومت کو انسانی حقوق کے ایجنڈے پر توجہ دینی ہوگی

انسانی حقوق کی مؤقر بین الاقوامی تنظیم، ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو) نے پاکستان کے نومنتخب وزیر اعظم پر زور دیا ہے کہ ان کے پاس حقوق کی پاسداری کرنے والی ایک ایسی حکومت قائم کرنے کا موقع ہے جو قانون پر عمل درآمد کرتے ہوئے جمہوری ادروں پر عوام کے اعتماد کو بحال کر سکتی ہے۔

’ہیومن رائٹس واچ‘ نے یہ بات پاکستان کے نومنتخب وزیر اعظم کے نام منگل کو لکھے گئے ایک کھلے خط میں کہی ہے۔ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لیے حکومت کو انسانی حقوق کے ایجنڈے پر توجہ دینی ہوگی۔

ہیومن رائٹس واچ ایشیا‘ کے ڈائریکٹر، بریڈ ایڈمز نے کہا ہے کہ پاکستان کو انسانی حقوق کے سنگین چیلنجوں کا سامنا ہے اور ان کو حل کرنا نئی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے پر پیش رفت کے لیے حکومت کو انسانی حقوق پر اثر انداز ہونے والی متنازعہ پالیسیوں اور قوانین کو تبدیل کرنے کا آغاز کرنا ہوگا اور یکساں انصاف کی فراہمی اور قانون کی عمل داری سے متعلق اپنے عزم کا اظہار کرنا ہوگا۔

ہیومن رائٹس واچ‘ نے مزید کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اظہار کی آزادی اور مثبت تبدیلی کے لیے ریاست کی پالیسی پر تنقید کرنے کے حق کی حامی رہی ہے اور اس بنا پر وہ تحریک انصاف کی حکومت سے توقع کرتی ہے کہ وہ سیاست اور میڈیا پر تنقید کے کلچر کو برداشت کرنے کو فروغ دے گی۔

ہیومن رائٹس واچ نے پاکستان حکومت پر زور دیا کہ وہ سیاسی، سماجی، معاشی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے جن میں آزادی اظہار، سول سوسائیٹی کا تحفظ، عقائد کی آزادی اور خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کا تحفظ بھی شامل ہے۔

دوسری طرف ہیومن رائٹس واچ کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کے نام لکھے گئے خط کے ردعمل میں پاکستان کی وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے تنظیم کے ڈائریکٹر بریڈ ایڈمز کے نام منگل کو لکھے گئے خط میں کہا ہے " ہم اپنی ذمہ داریوں سے اچھی طرح آگاہ ہیں اور پاکستان کے آئین اور بین الاقوامی ذمہ داریاں کے تحت اپنے شہریوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم پر قائم ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ " وزیر اعظم اور حکومت آئین کے تحت پاکستان شہریوں کو دیئے گئے انسانی حقوق حقوق کو یقینی بناے کے لیے پرعزم ہیں۔"

مزاری نے مزید کہا کہ اس تناظر میں پاکستان کی نو منتخب حکومت اپنے تمام شہریوں کےانسانی حقوق کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ قوانین کے موثر نفاذ کی ضرورت سے آگاہ ہے ۔

تاہم انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ایسا اس لیے کرے گی کیونکہ ہم اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کرنا پر یقین رکھتے ہیں اور پاکستان کو اس کے انسانی حقوق کے ایجنڈے سے متعلق باور کروانے کی ضرورت نہیں ہے۔

پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے منگل کو وائس آف امریکہ سے گفتگو میں ’ہیومن رائٹس واچ‘ کی طرف سے وزیر اعظم کے نام لکھے گئے خط پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ہمیشہ انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہے اور ان کی حکومت انسانی حقوق کی سربلندی کے عزم پر قائم ہے۔

XS
SM
MD
LG