رسائی کے لنکس

کراچی ، ناجائز اسلحہ کی سب سے بڑی کھیپ برآمد


پولیس نے عزیز آباد کے ایک خالی مکان پرچھاپہ مارا اورگھرکے زیرز مین واٹر ٹینک سے اینٹی ائیرکرافٹ گن، ایل ایم جی ، ایس ایم جی، جی 3، ایم 16 رائفل ، اسا نیپر رائفل ،راکٹ لانچراورہزاروں کی تعداد میں رائفل گرینیڈ اورمختلف اقسام کی ہزاروں گولیاں برآمد کی ہیں۔

کراچی پولیس نے شہر کی تاریخ میں سب سے بڑی غیرقانونی اسلحے کی کھیپ عزیز آباد کے ایک بند مکان سے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کی اس کامیابی پر رینجرز کے ڈائریکٹر جزل ، میجر جنرل بلال اکبر نے میڈیا نمائندوں کو اسلحہ کی نمائش کے موقع پر مبادکباد بھی پیش کی جبکہ ایڈیشنل آئی جی پولیس مشتاق مہر نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسلحہ برآمدکرنے والی ٹیم کیلئے 10 لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔

مشتاق مہر کے مطابق اسلحہ عزیزآباد میں ’نائن زیرو‘ کے قریب ایک بند مکان سے برآمد کیا گیا ہے ۔نائن زیرو ایم کیو ایم کے بانی رہنما الطاف حسین کی رہائش گاہ اور پارٹی کے مرکزی دفتر کے طور پر زیر استعمال رہا ہے۔

پولیس حکام کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ یہ اسلحہ محرم کے دوران دہشت گردی کی کار روائیوں میں استعمال ہونا تھا۔

مشتاق مہر کے مطابق کراچی پولیس نے پہلے سے زیر حراست ایک ملزم سے تفتیش کی جس کے دوران اس اسلحےکی نشاندہی ہوئی۔

نشاندہی پر ہی پولیس نے عزیز آباد کے ایک خالی مکان پرچھاپہ مارا اورگھرکے زیرز مین واٹر ٹینک سے اینٹی ائیرکرافٹ گن، ایل ایم جی ، ایس ایم جی، جی 3، ایم 16 رائفل ، اسا نیپر رائفل ،راکٹ لانچراورہزاروں کی تعداد میں رائفل گرینیڈ اورمختلف اقسام کی ہزاروں گولیاں برآمد کی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کی تاریخ میں اب تک کسی کارروائی میں اتنی بڑی تعداد میں اسلحہ نہیں پکڑا گیا۔مقامی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اسلحہ کئی ٹرکوں پر لاد کر دوسری جگہ منتقل کیا گیا۔

ایڈیشنل آئی جی پولیس مشتاق مہر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ’’ اس حوالے سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جبکہ اسلحے کا فورنزک ٹیسٹ کرایا جائے گا کہ یہ اسلحہ کراچی میں ہونے والی کسی دہشت گردی یا تخریب کاری میں تو استعمال نہیں ہوا۔‘‘

ایڈیشنل آئی جی سے جب پوچھا گیا کہ یہ اسلحہ کس کا ہے؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ ’’جب میں کہوں کہ یہ اسلحہ سیاسی جماعت کا ہے اور نائن زیرو کا ذکر کروں، جس مکان سے ملا ہے وہ عزیز آباد میں ہے تو باقی کیا رہ جاتا ہے؟‘‘

انہوں نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسلحہ برآمدکرنے والی ٹیم کیلئے 10 لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔

XS
SM
MD
LG