رسائی کے لنکس

امریکہ: فوجی ہیلی کاپٹر تباہ، 11 اہلکاروں کی ہلاکت کا خدشہ


حادثے کا شکار ہونے والے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر
حادثے کا شکار ہونے والے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر

ترجمان نے بتایا ہے کہ امدادی ٹیموں کو بدھ کی صبح ہیلی کاپٹر کا کچھ ملبہ اور بعض انسانی باقیات ملی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں سوار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

امریکی فوج کے ایک ہیلی کاپٹر کے ریاست فلوریڈا کے ساحل سے کچھ دور سمندر میں گرنے کے بعد حکام نے اس میں سوار تمام 11 فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

فلوریڈا میں قائم امریکی فوجی اڈے 'ایگلن ایئر فورس بیس' کے ایک ترجمان نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ بلیک ہاک ہیلی کاپٹر نے منگل کی رات پرواز بھری تھی لیکن وہ واپس اڈے پر نہیں پہنچا۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ امدادی ٹیموں کو بدھ کی صبح ہیلی کاپٹر کا کچھ ملبہ اور بعض انسانی باقیات ملی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں سوار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

فوجی ترجمان نے بتایا کہ 'یو ایچ – 60' ساختہ بلیک ہاک ہیلی کاپٹر میں سات میرینز اہلکار اور عملے کے چار افراد سوار تھے۔ ہیلی کاپٹر فلوریڈا کی ایک ویران ساحلی پٹی پر رات کے اوقات میں تربیتی پرواز پر تھا جب اسے حادثہ پیش آیا۔

امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' کے مطابق ہیلی کاپٹر کی پرواز کے وقت علاقے میں گہری دھند کی پیش گوئی کی گئی تھی اور محکمۂ موسمیات نے حدِ نگاہ بہت محدود ہونے کا انتباہ بھی دے رکھا تھا۔

'ایگلن ایئر فورس بیس' کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق میرین اہلکار شمالی کیرولائنا میں تعینات ایک اسپیشل آپریشن یونٹ سے منسلک تھے جب کہ ہیلی کاپٹر اور اس کے عملے کا تعلق لوزیانا کے آرمی نیشنل گارڈ سے تھا۔

بیان کے مطابق لواحقین کو مطلع کیے جانے کے بعد ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کے نام ذرائع ابلاغ کو جاری کیے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG