رسائی کے لنکس

بارسلونا میں متحدہ اسپین کے حق میں ریلی


اسپین کے شہر بارسلونا میں ہزاروں افراد کاتالونیہ حکومت کی طرف سے علیحدگی کے اصرار پر احتجاج کرنے کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔

سنٹرل اسکوائر پر جمع ہونے والے لوگوں میں سے اکثر نے اسپین اور کاتالونیہ کے پرچم اٹھا رکھے ہیں۔

اتوار کو یہ ریلی ایک ایسے وقت نکالی جا رہی ہے جب تقریباً ایک ہفتے قبل کاتالونیہ حکومت کے علیحدگی پسند راہنماؤں نے اسپین سے علیحدگی کے لیے ریفرنڈم کروایا تھا۔ ملک کی اعلیٰ ترین عدالت ریفرنڈم کو معطل جب کہ مرکزی حکومت نے اسے غیر آئینی قرار دے دیا تھا۔

ریفرنڈم میں علیحدگی کے حق میں زیادہ ووٹ آئے تھے۔ کاتالونیہ کے صدر کارلس پوگدیمونت نے آزادی کے لیے کوششیں جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا تھا۔

اسپین کے وزیراعظم
اسپین کے وزیراعظم

ادھر اسپین کے وزیراعظم ماریانو راہوو نے کہا ہے کہ کاتالونیہ کی آزادی کے اعلان سے کوئی اثر نہیں پڑے گا لیکن ساتھ ہی انھوں نے متنبہ کیا کہ وہ خود اس خطے کی خودمختاری کو معطل کرنے کے امکان کو رد نہیں کر سکتے۔

ایل پیرس نامی اخبار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انھوں نے اس معاملے پر کسی بھی طرح کی ثالثی کو مسترد کر دیا تھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ آزادی کے کسی بھی اعلان کا کوئی نتیجہ نہ نکلے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کاتالونیہ میں تعینات اضافی پولیس اہلکاروں کو وہ اس بحران کے خاتمے تک وہیں رکھنے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG