رسائی کے لنکس

ہنگو خود کش حملے میں ہلا ک ہونے والوں کی تجہیز و تکفین مکمل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایک روز قبل ہنگو ضلع کے ٹل کے قصبے کے قریب گاڑی پر ہونے والے خود کش حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تجہیز و تکفین ہفتے کے روز مکمل ہوئی۔ چار افراد کی تدفین ہنگوجب کہ باقی لوگوں کی کرم ایجنسی کے قصبے پاڑہ چنار میں ہوئی۔

اہل تشیع سے تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگوں نے ہلاک ہونے والے افراد کی تجہیز و تکفین میں شرکت کی۔

ہنگو اور پاڑہ چنار میں تمام بازار بنداور سڑکوں پر آمدورفت معطل رہی۔ علاقے میں تین روز کے لیے سوگ منانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ خود کش دھماکے میں زخمی ہونے والے بیشتر افرادمختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ دس زخمیوں کو پشاور کے لیڈ ی ریڈنگ ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ان میں سے بیشتر کی حالت اب تسلی بخش ہے۔

خیال رہے کہ ایک روز قبل ہنگو سے کرم ایجنسی کے مرکزی قصبے پاڑہ چنار جانے والے مسافرگاڑیوں کے قافلے میں شامل ایک گاڑی پر ہونے والے خود کش حملے میں 12افراد ہلاک اور 30زخمی ہوئے تھے۔ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

XS
SM
MD
LG