رسائی کے لنکس

کراچی کے بعد حیدرآباد میں بھی ٹارگٹڈ آپریشن


ہیرآباد سے لیاری گینگ وار کے تین ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن کا دائرہ کار بڑھ کر حیدر آباد تک جا پہنچا۔ بُدھ کو پولیس اور رینجرز نے ہیرا آباد، ہالا ناکہ اور افغان بستی سمیت کئی علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔

رینجرز ترجمان کے مطابق ہیرآباد سے لیاری گینگ وار کے تین ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ افراد بھتہ خوری اور بینک ڈکیتی میں ملوث تھے۔

مذکورہ ملزمان کے علاوہ پولیس نے مجموعی طور پر 38 افراد کو گرفتار کر لیا۔ آپریشن میں 25 تھانوں سمیت رینجرز کے 400 اہلکاروں اور 9 ڈی ایس پیز نے حصہ لیا۔

حیدرآباد ریجن کے 9 اضلاع میں ٹارگٹڈ آپریشن کا فیصلہ گزشتہ شب کیا گیا تھا۔ ان اضلاع میں حیدرآباد، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، جام شورو، ٹھٹھہ، نواب شاہ، دادو، بدین اور مٹیاری شامل ہیں۔

ڈی آئی جی حیدرآباد نے میڈیا کو بتایا کہ حیدرآباد میں آپریشن کا فیصلہ انٹیلی جنس رپورٹس پر کیا گیا۔

کراچی : پولیس اہلکاروں پر دستی بموں سے حملہ
کراچی میں بدھ کے روز رینجرز نے سہراب گوٹھ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں آپریشن کیا جس کے دوران نامعلوم ملزمان نے دستی بموں سے حملہ کر دیا جس سے ایس ایچ او سمیت 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ آپریشن کے دوران تقریباً دو درجن مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 2کلاشنکوف، ایک 30 بور پستول، پولیس اور سیکیورٹی گارڈز کی وردیاں، رینجرز یونیفارم اور مغوی کا شناختی کارڈ بھی قبضے میں لے لیا جبکہ سلطان آباد کے علاقے سے اغواء ہو نے والے ایک مغوی کو بھی بازیاب کر الیا گیا۔

ٹارگٹ کلنگ میں پانچ افراد ہلاک
کراچی میں رینجرز کے آپریشن کے باوجود ٹارگٹ کلنگ بھی جاری ہے۔ بدھ کو شہر کے مختلف علاقوں میں 5 افراد کو ہلاک اور کئی کو زخمی کر دیا گیا۔ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات محمدی کالونی، بنگالی پاڑہ، ڈی سلوا ٹاؤن، منگھو پیر اور کورنگی میں پیش آئے۔
XS
SM
MD
LG