رسائی کے لنکس

ایران: جوہری معائنہ کار تہران پہنچ گئے


نطنز کی جوہری تنصیب پر کام میں مصروف ایک اہلکار
نطنز کی جوہری تنصیب پر کام میں مصروف ایک اہلکار

جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے کے معائنہ کار نطنز اور فردو میں ایران کی دو جوہری تنصیبات کا دورہ کر کے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ وہاں یورینیم کی افژودگی کی سطح 20 فیصد سے کم ہو

جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے’آئی اے ای اے‘ کے معائنہ کاروں کی ایک ٹیم ہفتہ کو تہران پہنچی۔ ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان تہران کے جوہری پروگرام سے متعلق معاہدے پر گزشتہ ہفتے ہونے والی پیش رفت کے بعد آئی اے ای اے کے معائنہ کار یہ دورہ کر رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’رائیٹرز‘ کے مطابق آئی اے ای اے کے معائنہ کار پیر سے اپنی رپورٹ دینا شروع کر دیں گے۔

امریکہ، روس، چین، فرانس، برطانیہ اور جرمنی پر مشتمل چھ عالمی طاقتوں کے گروپ اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق تہران کو جوہری پروگرام کے کچھ حصے کو منجمد کرنا ہو گا جس کے عوض بین الاقوامی برادری اس کے خلاف عائد تعزیرات میں نرمی کرے گی۔

جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے کے معائنہ کار نطنز اور فردو میں ایران کی دو جوہری تنصیبات کا دورہ کر کے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ وہاں یورینیم کی افژودگی کی سطح 20 فیصد سے کم ہو اور پہلے سے 20 فیصد سے زائد افژودہ یورینیم کو کم سطح پر لایا جائے گا۔

گزشتہ ماہ ایران کے کچھ سخت گیر موقف رکھنے والے قانون سازوں نے پارلیمنٹ میں ایک مسودہ پیش کیا جس میں کہا گیا کہ ملک میں یورینیم افژودہ کرنے کی سطح کو ساٹھ فیصد تک بڑھایا جائے۔

اگر یہ بل منظور ہوا تو ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والا عبوری معاہدہ ختم ہو سکتا ہے۔

رائیٹرز کے مطابق ایران کے عہدیداروں اور آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کے درمیان ہوائی اڈے پر ملاقات ہوئی جب کہ ان کے درمیان مزید مذاکرات بھی طے ہیں۔
XS
SM
MD
LG