رسائی کے لنکس

کرکٹ بورڈز میں سیاسی تقرریوں پر پابندی عائد


کرکٹ کی عالمی تنظیم کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ
کرکٹ کی عالمی تنظیم کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے تمام رکن بورڈز میں سیاسی تقرریوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے عہدیداران کی تعیناتی بذریعہ انتخاب کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ہانگ کانگ میں جاری پانچ روزہ سالانہ کانفرنس کے اختتام پر کرکٹ کی عالمی تنظیم کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ آئی سی سی کے تمام رکن بورڈز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تنظیم کے آئندہ سالانہ اجلاس سے قبل شفاف اور آزادانہ انتخابات کے ذریعے عہدیداران کا تقررعمل میں لائیں۔

اجلاس کے شرکاء نے آئی سی سی میں شمولیت سے متعلق تنظیم کی آئینی شقوں میں ترامیم کی متفقہ طور پر منظوری دی جن میں تمام قومی کرکٹ بورڈز میں آزادانہ انتخابات کا انعقاد اور سیاسی اثرورسوخ کا خاتمہ کرتے ہوئے کرکٹ بورڈز کی خودمختار حیثیت کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔

اجلاس کے فیصلے کے مطابق آئی سی سی کے تمام رکن کرکٹ بورڈز اور فیڈریشنز کے لیے نئے قانون پر عمل درآمد لازمی ہوگا جس کے تحت رکن ممالک کو جون 2012ء تک اپنے کرکٹ بورڈز کو آزاد اور خودمختار حیثیت دے کر ان کے معاملات میں حکومتی مداخلت کاخاتمہ کرنا ہوگا۔

جمعرات کے روز صحافیوں سے گفتگو میں ہارون لورگاٹ نے اس فیصلہ کو ایک "اہم معاملہ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2012 تک تمام کرکٹ بورڈز کو آئی سی سی کے نئے قانون کے مطابق اپنے اپنے آئین میں تبدیلی لاکر بورڈز کی حکومتی تسلط سے آزاد حیثیت اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانا ہوگا۔

آئی سی سی کے مطابق رکن بورڈز کی جانب سے جون 2012ء تک نئے قوانین پر عمل درآمد میں ناکامی کے باعث انہیں ایک برس کا مزید وقت دیا جائے گا جس کے بعد قانون پر عمل درآمد نہ کرنے والے بورڈ کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کے علاوہ اس کی رکنیت بھی معطل کی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی تقرری کا اختیار بحیثیت سرپرست اعلیٰ صدرِ مملکت کو حاصل ہے جن کی جانب سے تعینات کردہ چیئرمین پی سی بی کے دیگر عہدیداران کی تقرری عمل میں لاتا ہے۔

ناقدین کی طرف سے سیاسی وابستگیوں اور ذاتی پسند و ناپسند کو پیش نظر رکھ کر کی جانے والی تقرریوں کو قومی کرکٹ کی دگر گوں حالت کا ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے۔

آئی سی سی کے اس فیصلہ سے سری لنکا اور بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈز بھی متاثر ہونگے۔ سری لنکا میں کرکٹ بورڈ وزارتِ کھیل کے ماتحت ہے جبکہ بنگلہ دیش میں کرکٹ بورڈ کا تقرر حکومت کی جانب سے کیا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG