رسائی کے لنکس

آئی سی سی ایونٹس کے شیڈول کا اعلان، پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی مل گئی


انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2024 سے 2031 کے دوران ہونے والے ایونٹس کے لیے مقامات کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان 29 برس بعد 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے ذریعے آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔

منگل کو آئی سی سی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی مشترکہ طور پر امریکہ اور ویسٹ انڈیز کریں گے۔ امریکہ کو پہلی بار آئی سی سی کے کسی بڑے ٹورنامنٹ کے میزبان ممالک میں شامل کیا گیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق پاکستان فروری 2025 میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔ یہ 1996 کے عالمی کپ کے بعد پہلا موقع ہو گا جب پاکستان آئی سی سی کے کسی بڑے ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔

اس سے قبل پاکستان نے آخری مرتبہ 1996 کے 50 اوورز کے ورلڈ کپ میں بھارت اور سری لنکا کے ہمراہ ایونٹ کی میزبانی کی تھی۔

پاکستان کو 2008 میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے حقوق بھی ملے تھے، تاہم امن و امان کی صورتِ حال کے باعث یہ چیمپئنز ٹرافی 2009 میں جنوبی افریقہ میں ہوئی تھی۔

بعد ازاں پاکستان کو بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ساتھ 2011 کے ورلڈ کپ کے میزبان ممالک میں بھی شامل کیا گیا تھا، تاہم یہاں بھی سیکیورٹی کا مسئلہ آڑے آیا اور پاکستان کو میزبان ممالک کی فہرست سے خارج کر دیا گیا تھا۔

البتہ اس کے بعد سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اب تک پاکستان آئی سی سی کے کسی ایونٹ کی میزبانی نہیں کر سکا تھا۔

آئی سی سی کے مطابق بھارت اور سری لنکا 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی مشترکہ طور پر میزبانی کریں گے۔

سن 2027 میں جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا اکتوبر اور نومبر میں 50 اوورز کے ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے۔ یہ پہلا موقع ہو گا جب نمیبیا کو کسی میگا ایونٹ کے میزبان ممالک میں شامل کیا گیا ہے۔

اس سے قبل 2003 کے عالمی کپ کی میزبانی جنوبی افریقہ اور زمبابوے نے کی تھی۔

سن 2028 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا جب کہ 2029 میں بھارت چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔

انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور آئر لینڈ 2030 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی مشترکہ طور پر میزبانی کریں گے۔

بھارت اور بنگلہ دیش 2031 کے 50 اوورز کے ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی کریں گے۔

آئی سی سی 2023 تک عالمی ایونٹس کے مقامات کا اعلان پہلے ہی کر چکا ہے جس کے مطابق آئندہ برس آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جب کہ 2023 میں 50 اوورز کا ورلڈ کپ بھارت میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG