رسائی کے لنکس

پاکستانی اسپنر سعید اجمل پر آئی سی سی کی پابندی


سعید اجمل
سعید اجمل

ان کا بازو گیند کرواتے ہوئے 15 درجے کی مقررہ حد سے تجاوز کرتا ہے جو کرکٹ کے قواعد و ضوابط کے خلاف ہے۔

کرکٹ کی عالمی تنظیم "آئی سی سی" نے باؤلنگ ایکشن "غیر قانونی" ہونے پر پاکستانی اسپنر سعید اجمل پر بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

منگل کو آئی سی سی نے کہا کہ باؤلنگ کے دوران سعید اجمل کے ایکشن کا جائزہ لینے سے معلوم ہوا کہ ان کا بازو گیند کرواتے ہوئے 15 درجے کی مقررہ حد سے تجاوز کرتا ہے جو کرکٹ کے قواعد و ضوابط کے خلاف ہے۔

پاکستانی اسپنر کے باؤلنگ ایکشن پر گزشتہ ماہ سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکایت کی گئی تھی جس کے لیے آئی سی سی نے ایک کمیٹی تشکیل دے کر اس کا جائزہ لینا شروع کیا۔

سعید اجمل کے ایکشن کا ٹیسٹ لینے کے لیے انھیں 25 اگست کو نیشنل کرکٹ سنٹر برسبین بلایا گیا جہاں ماہرین نے گیند کرواتے ہوئے ان کے بازو کی حرکت کا جائزہ لیا۔

36 سالہ سعید اجمل نے 111 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 183 جب کہ 35 ٹیسٹ میچوں میں 178 وکٹیں حاصل کر کھی ہیں۔

آئی سی سی کے قواعدو ضوابط کے مطابق اس طرح کی پابندی کا سامنا کرنے والا کھلاڑی اپنے متعلقہ بورڈ کی اجازت سے مقامی سطح پر کرکٹ کھیل سکتا ہے اور مشقوں کے بعد دوبارہ اپنے باؤلنگ ایکشن کے تجزیے کے لیے رابطہ کر سکتا ہے۔

ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ بورڈ آئی سی سی کے اس فیصلے کے خلاف اپیل کرے گا۔

صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ سعید اجمل کی ٹیم میں کمی کو فوری طور پر پورا کرنا بہت مشکل ہے لیکن بورڈ اس پر بھی خصوصی توجہ دے گا۔

"ابھی تو ہم اس فیصلے کے خلاف اپیل کر رہے ہیں پھر یہ کہ سعید کی جگہ باؤلر ایسے لائیں جو ان کی کمی پوری کر سکیں یہ آسان نہیں، ہمارا وہ ایک ہی میچ ونر ہے لیکن اب ایک آدمی پر تو پوری ٹیم کا دارومدار تو نہیں ہو سکتا۔۔۔اپیل اگر منظور ہو گئی تو پابندی ختم ہو جائے گی اور نہ ہوئی تو پھر یہ پابندی برقرار رہے گی۔"

سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن پر اس سے پہلے بھی اعتراضات اٹھائے جا چکے ہیں۔ 2009ء میں دبئی میں ہونے والی سیریز کے دوران آسٹریلیا کے خلاف میچ میں بھی ان پر عتراض کیا گیا لیکن پاکستانی اسپنر اس وقت تجزیاتی ٹیسٹ پاس کرنے میں کامیاب رہے۔

سعید اجمل پاکستانی ٹیم کے ایک اہم اور کامیاب اسپنر ہیں جن کے گیند کروانے کا ایک مخصوص انداز "دوسرا" بلے بازوں کے لیے پریشانی کا سبب ہوتا ہے۔

کرکٹ کے حلقے سعید اجمل کے خلاف آئی سی سی کے اس فیصلے کو پاکستانی ٹیم کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دے رہے ہیں۔

پاکستانی ٹیم نے آئندہ چار ماہ میں متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچز کھیلنے ہیں۔

سعید اجمل دبئی، شارجہ اور ابو ظہبی کی پچز پر شاندار کارکردگی دکھا چکے ہیں اور انھوں نے یہاں کھیلے گئے 12 ٹیسٹ میچوں میں 67 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

XS
SM
MD
LG